قومی انڈر 19 سہ روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ کا دوسرا روز مکمل

104

لاہور(جسارت نیوز)جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں بلوچستان کی ٹیم خیبرپختونخوا کے خلاف فالو آن کا شکار ہوگئی ہے۔ پہلی اننگز میں خیبرپختونخوا کے 286 رنز کے جواب میں میچ کے دوسرے روز کے اختتام پربلوچستان نے دوسری اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 31 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل خیبرپختونخوا نے 173 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے میچ کے دوسرے روز اپنی پہلی اننگز کاآغاز کیا اور ثاقب جمیل کے 80 رنز کی بدولت پوری ٹیم 286 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بلوچستان کی جانب سے جہانگیر خان اور محمد نے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں خیبرپختونخوا کے محمد وسیم جونیئر اور محمد علی کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بلوچستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔محمد وسیم خان جونیئر نے 4 اور محمد علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دن کے اختتام پر بلوچستان نے 13 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 31 رنز بنائے ہیں۔دوسری جانب اسٹیٹ بینک اسٹیڈیم کراچی میں سینٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان جاری میچ کے دوسرے روز سندھ کے 204 رنز کے جواب میں سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 152 رنز پر ڈھیر ہوگئی ہے۔دن کے اختتا م پر سندھ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 128 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل میچ کے دوسرے روز مہمان ٹیم نے 18 رنز 1 کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر محمد حریرہ کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا۔ محمد حریرہ نے 56 رنز بنائے۔ سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 152 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔سندھ کے عامر علی نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے اختتام پر سندھ نے دوسری اننگز میں 41 اوورز میں 128 رنز بنائے ہیں اور اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ ہوئے ہیں۔ مظفر آباد میں جاری میچ کے دوسرے روز ناردرن نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنالیے ہیں۔ اس سے قبل سدرن پنجاب نے ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسپنر حارث جاوید کی 5 وکٹو ں باعث ناردرن نے دن کے اختتام پر 79.3 اوورز میں 255 رنز کا مجموعہ بنایا ہے۔ ناردرن کی جانب سے عبدالفصیح 76 رنز بنا کرسب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔بارش کے باعث میچ کے پہلے روز ایک بھی گیند نہیں کرائی جاسکی تھی۔