ایران نے جوہری معاہدہ بچانے کیلیے یورپی منصوبے کی حمایت کردی

336

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران یورپی ممالک کی جانب سے جوہری معاہدہ بچانے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز کابینہ اجلاس کے دوران صدر حسن روحانی نے یورپی منصوبے کی حمایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے تہران کو جوہری معاہدے پر تازہ مذاکرات شروع کرنے کی درخواست کی ہے اور اس بات چیت کے لیے لائحہ عمل پر اتفاق بھی ہو گیا ہے۔ ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین 2015ء میں طے پانے والا معاہدہ ’انتہائی نگہداشت‘ کی حالت میں ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر روحانی کا کہنا تھا کہ فرانس کی مجوزہ دستاویز کی نوک پلک مزید بہتر کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر ایسے جملوں میں ترمیم کی ضرورت ہے جس میں ایران کو جوہری پروگرام مکمل طور پر بند کرنے، علاقائی سالمیت اور آبی گزر گاہوں کا تحفظ یقینی بنانے کا پابند کیا گیا ہے۔ ایران کے صدر کا کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ قابل قبول نہیں کہ ایک جانب امریکا کے صدر یہ بیان دیں کہ وہ ایران پر سخت پابندیاں لگا رہے ہیں اور دوسری جانب یورپی ممالک انہیں یہ یقین دہانی کرائیں کہ وہ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ حسن روحانی نے کہا کہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران پر پابندیوں سے متعلق بیانات مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بن سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ جرمنی، فرانس اور برطانیہ 2015ء میں طے پانے والے جوہری معاہدے کے بھی فریق ہیں۔