افریقا کے انجیلی چرچ نے اسرائیل کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا

91

جوہانسبرگ (انٹرنیشنل ڈیسک) جنوبی افریقا کے انجیلی چرچ کے سب سے اہم فیصلہ کن ادارے نے اسرائیل کے بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے صہیونی ریاست میں سرمایہ کاری روکنے کی مہم کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق انجیلی چرچ نے فلسطین پر اسرائیل کے ناجائز فوجی قبضے کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے صہیونی ریاست پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ یہ فیصلہ جوہانسبرگ میں انجیلی چرچ کے 3 سال بعد ہونے والے اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں جنوبی افریقا، نامیبیا، لیسوتھو، سوازیلینڈ، موزمبیق، انگولا اور سینٹ ہیلینا میں انجیلی جماعتوں کے نمایندے شامل ہیں۔ بائیکاٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی مقدسات کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر عیسائی چرچ کو اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اس سرزمین کو صہیونیوں کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑنا چاہیے جس میں ہمارے جلیل القدر پیغمبر حضرت عیسیٰ کی یادیں وابستہ ہیں۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اہم اجلاس کے دوران کیے گئے فیصلے میں یہودیت پسندی اور اسلامو فوبیا کی مذمت کی گئی اور جنوبی افریقا میں فرقہ واریت اور مقبوضہ فلسطین میں جو کچھ ہورہا ہے اس کے درمیان مماثلت کو تسلیم کیا گیا۔ انجیلی چرچ کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے انتقامی حربوں کے بعض مظاہر ماضی میں جنوبی افریقا میں نسل پرست نظام کے مظالم سے زیادہ خوفناک ہیں۔ چرچ نے کہا کہ فلسطینی قوم اپنا حق خود ارادیت، امن، آزادی، انصاف اور وقار چاہتی ہے۔