فضل الرحمٰن وزراء کالونی کے گھر کیلئے اسلام آباد کو لاک ڈائون نہ کریں،فردوس عاشق

419

اسلام آباد( آن لائن،اے پی پی ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان وزرا کالونی کے گھر کے لیے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن نہ کریں۔ مولانا صاحب مارچ کشمیریوں کی آزادی کے لیے کریں، چوروں کی آزادی کے لیے نہیں۔ آزادی کشمیر کی جدوجہد کوئی ٹونٹی ٹونٹی میچ نہیں۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان وزرا کالونی کے گھر کے لیے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن نہ کریں، مولانا صاحب کو کشمیر سے زیادہ کشمیر کمیٹی سے دلچسپی ہے۔ مولانا صاحب مارچ کشمیریوں کی آزادی کے لیے کریں، چوروں کی آزادی کے لیے نہیں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب دوسروں کو مشورہ دینے کے بجائے اپنے بیٹے سے کہیں کہ استعفا دے دیں، اپنے فرزند کے لیے پارلیمان بھی حلال اور اس کی تنخواہ بھی حلال، مراعات بھی حلال اور اس کی نشست بھی حلال ہے جب کہ موجودہ حکومت اور پارلیمان اس لیے ناجائز اور حرام ہے کیونکہ اس میں آپ موجود نہیں، آج آپ کی جمہوریت پسندی کہاں ہے، آج کس منہ سے پارلیمان کو گرانے کے دعوے فرما رہے ہیں، آج آپ کے جمہوریت کے لیے اصول کہاں ہیں۔دریں اثناء وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت کے ظلم، بربریت اور47 روز کے مسلسل کرفیو کے بعد مقبوضہ کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل کا منظر پیش کر رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کشمیر کی مائوں، بہنوں، بیٹوں، بزرگوں اور بچوں کا مقدمہ لڑنے کے لیے انسانی حقوق کے علمبرداروں اور عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے ہر عالمی فورم پر جارہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل کونسل میں نہتے اورمظلوم کشمیریوں کا وکیل اور سفیر بن کر اپنا دو ٹوک موقف دنیا کے سامنے رکھیں گے۔مقبوضہ کشمیر میں ظلم،جبر اور ریاستی دہشت گردی کا دورختم اور آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے ۔وہ جمعہ کو کنونشن سینٹر میں یکجہتی کشمیر یوتھ کنونشن سے خطاب کر رہی تھیں ۔تقریب کی صدارت صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کی جبکہ سابق ائیر چیف مارشل سہیل امان، میجر جنرل(ر) محمد رضا، سجادہ نشین عیدگاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمان ، حریت راہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک ،کرنل (ر) مشتاق رسول چودھری، نجی تعلیمی ادارے کے سی ای او چودھری فیصل مشتاق بھی تقریب میں موجود تھے ۔