اسلام آباد کے 50فیصد طلبہ منشیات استعمال کررہے ہیں،صدرمملکت

262
اسلام آباد: صدر عارف علوی امان پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں
اسلام آباد: صدر عارف علوی امان پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے 50 فیصد سے زاید طالب علم منشیات استعمال کرتے ہیں، لوگ ڈپریشن اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہونے کے باعث منشیات کی طرف راغب ہوتے ہیں،منشیات کے استعمال سے افراد، خاندان اور معاشرے پر سنگین اثرات مرتب ہوتے ہیں، حکومت منشیات کی روک تھام کے لیے انقلابی اقدام کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار دنیا بھر میں منشیات اور منی لانڈرنگ کے مجرموں کے ڈیٹا بیس سے متعلق مصنوعی ذہانت کے مقامی طور پر تیار کردہ منصوبے ’’امان‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ دنیا میں منشیات کی مہلک ترین اقسام بنائی جا رہی ہیں اور اس لعنت کے باعث ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،ا س کے تدارک کے لیے مربوط کاوشیں درکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ حکومت منشیات کی روک تھام کے لیے انقلابی اقدام کر رہی ہے، افغان جنگ کے بعد بڑے پیمانے پر افغان مہاجرین کی آمد سے منشیات کی اسمگلنگ میں اضافہ ہوا، منشیات پاکستان کا ہی نہیں پوری دنیا کا مسئلہ ہے، مغربی ممالک میں منشیات کا استعمال بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ اس کے علاج پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان منی لانڈرنگ کے ذریعے منشیات کے لیے رقوم کی ترسیل روک رہاہے۔ تقریب سے وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہریار آفریدی نے بھی خطاب کیا اور ’’امان‘‘منصوبے کے خدوخال بیان کیے۔