فیفا کی جانب سے بنائی گئی نارملائزیشن کمیٹی  خوش آئند عمل ہے، رانا زشوکت علی خان

119

اسلام آباد (جسارت نیوز)پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے نائب صدر رانا شوکت علی خان نے فیفا کی جانب سے بنائی گئی نارملائزیشن کمیٹی کو خوش آئند قرار دے دیا ہے۔ گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کمیٹی کو ملک میں فٹ بال کیلئے ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ کام کرنا چاہئے تاکہ کل کوئی بھی ان پر انگلی نہ اٹھائے، انہوں نے فیفا کی جانب سے نارملائزیشن کمیٹی بنانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوتے کہا کہ فیفا نے اس ملک میں دوبارہ فٹ بال کو زندہ کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپس کی گروپوں کی لڑائیوں نے کھلاڑیوں کا بہت نقصان کیا ہے اور ہمارا سب کا ایک ہی مشن ہے کہ ملک میں فٹ بال کا فروغ ہو۔ واضح رہے کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان میں فٹ بال کے امور چلانے کیلئے 5رکنی نارملائزیشن کمیٹی حمزہ خان کی سربراہی میں قائم کر دی ہے۔ کمیٹی کے دیگر ممبران میں سکندر خٹک، منیر احمد خان سدھانا، سید حسن نجیب شاہ اور کرنل مجاہد اللہ ترین شامل ہیں۔ نارملائزیشن کمیٹی پاکستان میں فٹ بال کے امور کو چلانے کے ساتھ ملک میں کلبوں کی مناسب رجسٹریشن، کلبوں کی جانچ پڑتال کو یقینی بنانے کے ساتھ فیفا اور اے ایف سی کی مدد سے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کیلئے انتخابی ضابطہ تیار کرنے اور اس کی توثیق کرنا ہے، یہ کمیٹی 15 جون 2020ء تک پی ایف ایف آفس اور بینک اکاؤنٹس کو کنٹرول کرے گی جو کہ 20 ستمبر 2019ء کے بعد نارملائزیشن کمیٹی کے حوالے کر دیا جائے گا۔