مسئلہ کشمیرپرایوان بالا کے تحت نیشنل پارلیمنٹرین کانفرنس کل ہوگی

121

اسلام آباد (صباح نیوز) ایوان بالا کے تحت کل 18ستمبر کو کنونشن سینٹر میں مسئلہ کشمیرپر نیشنل پارلیمنٹرین کانفرنس کے انعقاد کااعلان کردیا گیا۔ کانفرنس میں ایوان بالا، ایوان زیریں، صوبائی قانون ساز اسمبلیاں، ملکی و بین الاقوامی ماہرین اور دیگر متعلقہ تمام اسٹیک ہولڈرزشرکت کریں گے۔کشمیر کی بدترین صورتحال بھارتی جارحیت، ظلم کے خلاف متفقہ لائحہ عمل بھی اختیار بھی کیا جائے گا۔ اتوارکو اپنے بیان میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کا اسٹیٹس تبدیل کرنے سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے بدترین حالات پیدا ہو چکے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کانفرنس کے نتائج جلد سامنے آئیں گے جس میں اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت اور انسانیت سوز حالات بارے نہ صرف آگاہ کیا جا ئے گا بلکہ مل کر متفقہ لائحہ عمل بھی اختیار بھی کیا جائے گا۔ افسوس کی بات ہے کہ بھارتی سیکورٹی فورسز کو معصوم کشمیریوں کے خلاف جارحیت کے ارتکاب پر مکمل استثنی دی گئی ہے جس سے معصوم کشمیریوں کے انسانی حقوق کی فراہمی، آزادی اور سلامتی کو بے دردی سے کچلا جا رہا ہے۔