ڈیوڈ ہسی بگ بیش کے اگلے سیزن کیلیے میلبورن اسٹارز کی کوچنگ کرینگے

228

کینبرا(جسارت نیوز)سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ ہسی بگ بیش لیگ کے اگلے سیزن میں میلبورن اسٹارز کی کوچنگ کریں گے۔ انہیں نیوزی لینڈ کے اسٹیفن فلیمنگ کی جگہ یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ابتدائی طور پر ہسی اورا سٹارز کے درمیان دو سال کا معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت سابق کرکٹر 2020 سیزن کے آخر تک کلب کے ساتھ بطور کوچ ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔ ڈیوڈ ہسی نے اپنے بیان میں کہا کہ میلبورن اسٹارز کی کوچنگ میرے لئے باعث اعزاز ہے، کوشش ہو گی کہ ٹیم کی کارکردگی کو بہتر بنا کر اسے ٹائٹل دلوانے میں کردار ادا کروں۔
عبداللہ نور فٹبال ٹورنامنٹ کا نیاشیڈول
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈاکٹر محمد علی شاہ فٹبال گراؤنڈ پر کورنگی محمدن کے زیر اہتمام اور یونائیٹڈ فاؤنڈیشن کے تعاون سے جاری تیسرا آل کراچی عبداللہ نور فٹبال ٹورنامنٹ کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔شیڈول کے مطابق آج ڈسٹرکٹ سائوتھ فٹبال چیمپئن حیدری بلوچ کا مقابلہ آزاد الیون کے درمیان کھیلا جائے گا۔ہفتہ 14ستمبر کو ساحل محمدن کا مقابلہ کوہاٹ اسپورٹس سے ٹاکرا ہوگا۔ اتوار15 ستمبرکو سائوتھ کی موسی لاشاری کے ٹکرائو شفیع الیون سے ہوگا۔ پیر16 ستمبر کو تنظیم اسپورٹس گذری کا مقابلہ صبرا بلوچ سے اور منگل 17ستمبر کو شفیع محمدن کا بلوچ مجاہد سے مقابلہ ہوگا۔
جنوبی افریقا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے، روہت شرما
نئی دہلی(جسارت نیوز)بھارتی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین روہت شرما نے کہا ہے کہ پروٹیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے کیلئے صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ بھارت اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 15 ستمبر کو دھرم شالا میں کھیلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ انکی ٹیم ان دنوں بہت فارم میں ہے اور پروٹیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہے۔شرما نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نہیں کہتا کہ ہماری ٹیم سیریز جیتنے کے لئے فیورٹ ہوگی کیونکہ پروٹیز ٹیم بھی ٹی ٹونٹئی فارمیٹ کیلئے اچھی ٹیم تصور کی جاتی ہے ۔