کشمیری اقوا م متحدہ کے چارٹر کے مطابق اپنے حق کی جدوجہد کررہے ہیں

145

مظفرآباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد کے امیر ارشد بخاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان مظفرآباد میں نریندر مودی کو پیغام دیں کہ وہ کشمیریوں کا خون بھارت کے حصے بخرے کرنے کا سبب بنے گا ،وزیر اعظم پاکستان آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظفرآباد آئیں گے تو جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد ان کے پروگرام میں شریک ہو گی ،جماعت اسلامی ضلع مظفرآباد ان تمام سرگرمیوں کی حمایت کرتی ہے جو کشمیرکی آزادی کے لیے کی جارہی ہیں ،وزیر اعظم پاکستان عمران خان مظفرآباد میں نریندر مودی کو پیغام دیں کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق دے ،کشمیری اقوا م متحدہ کے چارٹر اور قراردادوں کے مطابق اپنے حق کی جدوجہد کررہے ہیں کشمیریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی آزادی کے لیے دستیاب وسائل استعمال کریں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے یکجہتی کشمیر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کارکنوں کی ہدایت کی کہ وہ وزیر اعظم پاکستان کے جلسہ میں بھرپور شرکت کریں ۔