دورہء پاکستان سے انکار کی وجہ بھارت نہیں ، سری لنکا

222

کولمبو(جسارت نیوز)سری لنکا نے رواں ماہ کے آخری ہفتے شروع ہونے والے دورہ پاکستان کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان کے خلاف سری لنکن ون ڈے ٹیم کی قیادت لاہیرو تھریمانے کریں گے، ٹیم میں سدیرا سمارا وکرما، اویشکا فرنینڈو، شہیان جے سوریا، ڈاسن شناکا، اینجیلو پریرا، منود بھانوکا، وانندو ہسورنگا، لکشمن سندیکان، نووان پرادیپ، کاسن راجیتھا اور اسورو اڈانا شامل ہوں گے۔آئی لینڈرز کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے کپتان ڈاسن شناکا ہوں گے، دیگر کھلاڑیوں میں سدیرا سمارا وکرما،اویشکا فرنینڈو، شہیان جے سوریا، اوشنڈا فرنینڈو،اینجیلو پریرا، منود بھانوکا، وانندو ہسورنگا، لکشمن سندیکان،نووان پرادیپ،کاسن راجیتھا،لاہیرو کمارا، اسورو اڈانا،بھانوکا راجا پکسا شامل ہیں۔یاد رہے کہ ون ڈے کپتان ڈیموتھ کرونا رتنے، ٹی 20 قائد لیستھ مالنگا اور دیگر کھلاڑیوں اینجیلو میتھیوز، سورنگا لکمل، اکیلا دھننجایا، دنیش چندی مل، دھننجیا ڈی سلوا، کوشل پریرا، نیروشن ڈکویلا اور تھسارا پریرا نے پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا، کوشل مینڈس انجری کی وجہ سے باہر ہوگئے، اب اسکواڈ میں کئی غیر معروف کرکٹرز کو بھی جگہ مل گئی ہے۔سری لنکن ٹیم کی 25 ستمبر کو کراچی آمد کے بعد پہلا ون ڈے27 ستمبر، دوسرا 29 ستمبر اور تیسرا 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، ٹی 20 سیریز کے تینوں میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔ دوسری طرف سری لنکن وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے کہا ہے کہ کرکٹرز کو دورہ پاکستان سے روکنے میں بھارتی ہاتھ ہونے کی اطلاعات درست نہیں، کھلاڑیوں نے دہشت گردی کے خطرے کو پیش نظر رکھتے ہوئے میچز کھیلنے سے انکار کیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ہیرن فرنینڈو نے کہا کہ چند کھلاڑیوں نے 2009 میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملہ کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاکستان میں میچز کھیلنے سے انکار کیا، ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے دستیابی ظاہر کرنے والے کرکٹرز کو منتخب کرلیا، ایک مضبوط ٹیم میدان میں اتاریں گے، پاکستان کو ہوم گرانڈ پر شکست دینے کے لیے پر امید ہیں۔گزشتہ روز وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا تھا کہ سری لنکن ٹاپ کرکٹرز کے پاکستان آنے سے انکار کے پیچھے بھارتی کرکٹ بورڈ کا ہاتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے میدان کی خبر رکھنے والے لوگ بتا رہے ہیں کہ انڈین کرکٹ کے کرتا دھرتاں نے سری لنکن کرکٹرز کو دھمکی دی کہ اگر وہ پاکستان کے دورے پر گئے تو آئی پی ایل سے خود کو فارغ سمجھیں، خلا سے لے کر کرکٹ تک ہر معاملے میں بھارت کی نفرت انگیزی انتہائی جاہلانہ ہے، بھارتی اسپورٹس اتھارٹیز کو شرم آنی چاہئے۔