تاجروں کو ٹیکس رجسٹریشن میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے،صدر مملکت

212

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف حسین علوی نے کہا ہے کہ ایف بی آر میں ٹیکس اصلاحات کا مقصد ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنا ہے، تاجروں کو ٹیکس رجسٹریشن میں حکومت کا ساتھ دینا چاہیے، حکومتی اقدامات سے معیشت کو مستحکم اور تجارتی خسارہ کم کیا گیا ہے۔ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کے لیے سازگار حالات پیدا کر رہی ہے، حکومتی کوششوں سے غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت مستحکم اور تجارتی خسارہ کم کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اقتصادی سرگرمیوں میں نجی سیکٹر کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔علاوہ ازیںمنگل کو ایوان صدر میں انجمن ہلال احمر پاکستان نے صدر عارف علوی کو بریفنگ دی ۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ انجمن ہلال احمر پاکستان قیمتی انسانی جانوں کو بچانے کے لیے فرسٹ ایڈ سروسز کے ذریعے نمایاں خدمات سرانجام دے ر ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف 2 فیصد پاکستانی خون کے عطیات دیتے ہیں، اس سلسلے میں مساجد سمیت مختلف دستیاب فورمز کے ذریعے لوگوں کو متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔