ائر پورٹ حملہ کیس کا ملزم آصف ظہیر طارق روڈ سے لاپتا ہوگیا

222

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی ائرپورٹ حملہ کیس میں ضمانت پررہا ملزم آصف ظہیر لاپتا ہوگیا۔ جسٹس کے کے آغا اور جسٹس خادم حسین تنیو پر مشتمل 2 رکنی بینچ کے روبرو ائر پورٹ حملہ کیس کے ملزم آصف ظہیر کے لاپتا ہونے سے متعلق سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ آصف ظہیرکو 15 اگست کو طارق روڈ سے پلمبر کی دکان سے سادہ لباس اہلکاروں نے حراست میں لیا۔ حراست میں لیے جانے کی سی سی ٹی وی اور دیگر ریکارڈ بھی موجود ہے، بازیاب کرایا جائے۔ عدالت نے سندھ حکومت، آئی جی سندھ، سی ٹی ڈی، ڈی جی رینجرز اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین کو 19 ستمبر تک جواب جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے ملزم آصف ظہیر کو بازیاب کراکر عدالت میں پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔