خطے کا امن مسئلہ کشمیر سے وابستہ ہے،حافظ حشمت خان

162

پشاور(وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی وسابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر صرف کشمیریوں کا نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی و استحکام کا مسئلہ ہے۔ خطے کا امن مسئلہ کشمیر سے وابستہ ہے بھارتی جنگی جنون کی وجہ سے پورے خطے کا امن تباہی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ مودی سرکار کا آرٹیکل 370 کے خاتمے کا فیصلہ بھارت کو ٹکڑوں میں تقسیم کر دے گا۔ کشمیر پاکستان سمیت بھارت میں بھی اس فیصلے کو تسلیم نہیں کیا جا رہا ہے، ہزاروں مسلمانوں کے قاتل مودی دہشتگرد نے کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 25اگست کشمیر بچائوعوامی مارچ کے سلسلے میں مختلف یونین کونسلوں کا فور ڈھیری ، انگورگور، عاشے کور ، گھڑی شیرداد ، متھرا میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر زون ریاض خان اور دیگر ذمے داران بھی حافظ حشمت کے ہمراہ تھے۔کارنرمیٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے حافظ حشمت خان نے مزید کہا کہ کشمیر مسلمان ستر سال سے اپنی آزادی کی جنگ کے ساتھ تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ بھارتی فوج ستر سال سے ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کر سکی لیکن کشمیر یوں کی ثابت قدمی نے بھارتی منصوبوں کو خاک میں ملا دیا ہے اور بھارت نے مجبور ہو کر آرٹیکل 370 کو ختم کر کے پوری دنیا پر واضح کر دیا ہے بھارت ستر سال سے کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اقوام متحد سمیت عالمی امن کے اداروں نے اگر کشمیری کی آزادی میں اپنا کردار ادا نہیں کیا تو خطے کو ایٹمی جنگ سے کوئی نہیں روک سکتا۔ بھارتی جنگی جنون خطے کے امن کیلیے خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر سقوطہ ڈھاکہ کے موقع پر بھارت اپنی فوج مشرقی پاکستان میں داخل کر سکتا ہے تو اقوام متحدہ کی قراردادوں نے کے مطابق متنازع کشمیر میں پاکستان اپنی فوج داخل کیوں نہیں کر رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سمیت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے سمے ہوئے بیانات پاکستان قوم کے جذبات اور کشمیری مسلمانوں کے خون کی ترجمانی نہیں کر رہے ہیں۔ حکمران کشمیر کے حوالے سے دلیرانہ اقدامات کریں پوری قوم کا بچہ بچہ سپاہی کی صورت میں حکومت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔