ابوظبی ٹی 10کی ڈرافٹنگ میں ورلڈکپ ہیروزکی شمولیت

481
ابو ظبی: ٹی 10کرکٹ لیگ کے حوالے سے اجلاس کے موقع پر شرکاء کا گروپ فوٹو
ابو ظبی: ٹی 10کرکٹ لیگ کے حوالے سے اجلاس کے موقع پر شرکاء کا گروپ فوٹو

کراچی (سید وزیر علی قادری)ٹی 10لیگ کے تیسرے سیزن میں انٹرنیشنل کرکٹ کے مایہ ناز کپتان اور ورلڈ کپ کے نئے ہیروز ملکر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔ ٹی 10لیگ میں شمولیت کے لئے ورلڈ کپ کے فاتح کپتان آئن مورگن ، پاکستانی کے مشہور بے باز شعیب ملک ، ویسٹ اینڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی ، سری لنکا کے انجلیو میتھیو اور فاسٹ باولر ملنگا ، آسٹریلیا سے شین واٹسن اور کیمرون وائٹ ، افغانستان کے بلے باز محمد شہزاد اور ویسٹ انڈیز کے آندرے ریسل۔ کیرن پولارڈ اور ڈیوائن براوو شامل ہیں یہ کھلاڑی ابوظبی ٹی10 کی ڈرافٹنگ میں شامل ہوں گے ۔ابوظبی اسپورٹس کے جنرل سیکرٹری عارف العوانی نے کہا کہ ابوظبی ٹی 10 میں دنیائے کرکٹ کی مایہ ناز کھلاڑی اور کھیل کے سفیروں کا انتخاب کیا گیا ہے ہمارے لئے یہ انتہائی مسرت کا مقام ہے کہ ہم اس معاہدے کے بعد دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو متحدہ عرب امارات لارہے ہیں جن میں آئن مورگن سرفہرست ہے۔ آئن مورگن نے پہلے ہی ٹی10کے فارمیٹ کو بہت پسند کیا ہے اور آئن مورگن کی قیادت میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری یہاں مقیم کئی والدین سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے ذکر کیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ دیکھنے کا لطف اپنی فیملی کے ساتھ پہلی مرتبہ آیا خصوصا بچوں نے کرکٹ کے ہر لمحے کو انجوائے کیا ، عارف العوامی کا مزید کہنا تھا کہ ٹی 10 سیزن 3 میں ہماری کوشش ہو گی کہ شائقین کرکٹ کے علاوہ بچوں کو بھی اسٹیڈیم میں لایا جائے تاکہ کھیل اور گلیمر سے ایک ساتھ محظوظ ہوں اس سے یقینی طور پر کرکٹ کا مستقبل روشن ہو گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے بھی ٹی 10لیگ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ابوظبی کا کرکٹ گراؤنڈ ٹی 10 کے انعقاد کے لئے بہترین جگہ ہے جہاں نہ صرف شائقین کرکٹ کثیر تعداد میں ہیں بلکہ کرکٹ کے لئے بہترین سہولیات بھی موجود ہیں مجھے قوی امید ہے کہ اس مرتبہ ٹی10 مزید کامیابیوں سے ہمکنار ہو گا۔ٹی 10اسپورٹس مینجمنٹ گروپ کے بانی اور چیئرمین نواب شجیع الملک نے کہا کہ 10اوورز یعنی صرف 60گیندوں پر بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی جس کا دورانیہ صرف 90منٹ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی 10 فارمیٹ نے کھیل کویکسرتبدیل کردیا ہے اور حال ہی میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ کو دنیا میں دیکھا گیا جس کے بعد بھارت ، انگلینڈ اور آسٹریلیا سے باہر کرکٹ کے مایہ ناز کھلاڑیوں کو لایا جائے گا جہاں ان کی مقبولیت پہلے سے موجود ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹی 10کی میزبانی کے لئے طویل مدتی شراکت کے ساتھ اس کا انعقاد کررہے ہیں تاکہ بے مثال ایکشن سے بھرپور کرکٹ کو ایک ایسا ماحول دیا جائے تو ناقابل فراموش ہو ابوظبی ٹی10بین الاقوامی سطح پر پہلی مرتبہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور امارات کرکٹ بورڈ سے منظور شدہ کرکٹ سیریز ہے جس میں8 ٹیمیں جن میں کیرالہ نائٹس ، بنگال ٹائیگرز ، ناردن واریئرز ، پختون ، دکن گلیڈی ایٹرز ، پنجاب لیجنڈز ، مراٹھا عریبین اور راجپوت شامل ہیں۔ یہ تمام ٹیمیں ستمبر کے وسط میں منعقدہ ڈرافٹنگ میں حصہ لیں گی ۔ابوظبی کرکٹ کے سی ای او میٹ باؤچر ابوظبی میں ٹی 10 کا انعقاد نہایت خوش آئند ہے اس سے ابوظبی میں کرکٹ کو فروغ ملے گا اور اگلے 5سال میں ابوظبی عالمی کرکٹ کیلنڈر میں اہمیت کا حامل ہوگا اس سے خطے میں کرکٹ کو ترقی ملے گی اس شاندار پیش رفت پر ہم محکمہ ثقافت و سیاحت ابوظبی اور ابوظبی اسپورٹس کونسل کے مشکور ہیں جنہوں نے اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کو یقینی بنایا۔ سعید ال سعید ( ڈائریکٹر آف ڈیسٹی نیشن مارکیٹنگ ، ڈیپارٹمنٹ آف کلچر اینڈ ٹورازم ابوظبی ) نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے شائقین کرکٹ کو ابوظبی T10میں خوش آمدید کہتے ہیں جہاں دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا ۔ابوظبی ٹی 10میں ان کھلاڑیو ں کے علاوہ دیگر مشہور کھلاڑی بھی وسط ستمبرمیں ہونے والے ڈرافٹنگ پروگرام کا حصہ ہوں گے ۔ واضح رہے کہ ٹی 10 لیگ 10 اوورز پر مشتمل پروفیشنل کرکٹ لیگ ہے جسے ٹی 10 اسپورٹس منیجمنٹ نے لانچ کیا ہے جس کی منظوری امارات کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی نے دی ہے یہ پہلی بین الاقوامی 10 اوورز پر مشتمل منظور شدہ کرکٹ لیگ بھی ہے۔ میچ کا دورانیہ 90 منٹ کا ہوتا ہے جس میں ہرایک سائیڈ سے 10 اوورز کرائے جاتے ہیں۔ ٹورنامنٹ کے میچز10 دن کھیلے جائیں گے جس میں ابتدائی مراحلے کے بعد سیمی فائنلز اور فائنل ہوں گے۔ 2017 کا ایڈیشن 14 سے 17 دسمبر 2017 شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا۔ اگست 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے باضابطہ طور پر لیگ کی منظوری دی تھی۔لیگ کے دوسرے سیزن میں2 ٹیموں کا اضافہ کیا گیا۔