ہر شخص کو اللہ کے سامنے اپنے اعمال کا جواب دینا ہے،مولانا عطا الرحمن

126

کراچی(پ ر) دین سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے اور دین کے نفاذ کیلیے جدوجہد کی جائے۔ ہر شخص کو اللہ کے سامنے اپنے اعمال کا جواب دینا ہے۔ دنیا کی زندگی دھوکا اور فریب کے سوا کچھ نہیں۔ آخرت کی ناختم ہونے والی زندگی کیلیے ہم سب کو تیاری کرنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت اتحاد علما کے رہنما مولانا عطا الرحمن نے جماعت اسلامی علاقہ عوامی کالونی کے تحت عوامی کالونی میں درس قرآن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ناظم علاقہ انجینئر نوید اختر اور ناظم حلقہ محمد ارسلان نے بھی خطاب کیا۔ مولانا عطا الرحمن نے کہا کہ قرآن کو ترجمہ کے ساتھ پڑھا اور سمجھا جائے۔ اللہ تعالیٰ نے ہم سب کو پوری دنیا میں ایک مقصد کیلیے پیدا کیا ہے۔ رب کی زمین پر رب کا نظام ہم سب کی جدوجہد کا مرکز ہونا چاہیے۔ ناظم علاقہ عوامی کالونی انجینئر نوید اختر نے کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی جدوجہد کررہی ہے۔ ہم سب کو جماعت اسلامی کی اس جدوجہد میں اس کا ساتھ دینا چاہیے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ ملک وقوم کی خدمت کی ہے اور خدمت کے کاموں کے ذریعے رب کوراضی کیا جاسکتا ہے۔