راولپنڈی:پاک آرمی کا طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹس سمیت 18 افراد جاں بحق،16زخمی

308

راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو کے قریب پاکستان آرمی ایوی ایشن کا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ اور عملے کے 3 ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو کے قریب پاک آرمی کا تربیتی طیارہ آبادی پر گر گیا جس سے 3 مکانوں کو آگ لگ گئی، حادثے کے نتیجے میں 2 پائلٹس اور عملے کے 3 ارکان سمیت 18 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

طیارہ رہائشی علاقے کے قریب گرا جس سے قریبی گھروں میں آگ لگ گئی، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا اور ملبے تلے افراد کو نکالا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابق آرمی ایوی ایشن کا طیارہ کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوا جس میں سوار 2 پائلٹس اور عملے کے 3 ارکان شہید ہو گئے جن میں لیفٹننٹ کرنل ثاقب اور وسیم، نائب صوبیدار افضل، حوالدار ابن امین اور رحمت شامل ہیں۔

کورکمانڈر لیفٹننٹ جنرل بلال اکبر نے جائے حادثہ کا دورہ کیا جہاں انھیں طیارہ کریش ہونے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

 تربیتی طیارہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیانی علاقے روات کے قریب گاوں میں گرا، طیارے کے گرتے ہی زوردار دھماکہ ہوا اور آگ لگ گئی۔ جلتا ہوا ملبہ آبادی پر گرنے کے سبب 3 مکان مکمل طور پر منہدم ہو گئے جن میں موجود 13 افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان نے طیارہ حادثے میں 18 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے جب کہ زخمیوں کی تعداد 12 سے زائد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ طیارہ آبادی کے جن گھروں پر گرا وہاں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا اور کولنگ کا عمل جاری ہے، علاقے کی بجلی منقطع کردی گئی ہے جب کہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق کئی افراد گھروں کے ملبے تلے پھنس گئے جنہیں پاک فوج کے جوانوں نے نکال کر ریسکیو آپریشن مکمل کیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق طیارے حادثے میں جاں بحق ہونے والے شہریوں میں جمیل، روبینہ، ذوہیب، پری، فاطمہ، عظمی، بشیر، عبدالحفیظ، راحیلہ، فیضان، فائزہ، عبدالروف اور آمنہ بی بی شامل ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق رات تقریبا 2 بجے کا وقت تھا کہ جہاز کی بالکل مختلف آواز سنی، نیچے آکر دیکھا تو جہاز گرنے کے بعد شعلے بلند ہو رہے تھے۔

صدر مملکت عارف علوی نے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔