قال اللہ تعالیٰ و قال رسول اللہ ﷺ

280

 

کھاؤ اور اپنے جانوروں کو بھی چَراؤ یقیناً اِس میں بہت سی نشانیاں ہیں عقل رکھنے والوں کے لیے۔ اِسی زمین سے ہم نے تم کو پیدا کیا ہے، اِسی میں ہم تمہیں واپس لے جائیں گے اور اسی سے تم کو دوبارہ نکالیں گے۔ ہم نے فرعون کو اپنی سب ہی نشانیاں دکھائیں مگر وہ جھٹلائے چلا گیا اور نہ مانا۔ کہنے لگا ’’اے موسیٰؑ، کیا تو ہمارے پاس اس لیے آیا ہے کہ اپنے جادو کے زور سے ہم کو ہمارے ملک سے نکال باہر کرے؟۔ اچھا، ہم بھی تیرے مقابلے میں ویساہی جادو لاتے ہیں طے کر لے کب اور کہاں مقابلہ کرنا ہے نہ ہم اِس قرارداد سے پھریں گے نہ تو پھریو کھْلے میدان میں سامنے آ جا‘‘۔ موسیٰؑ نے کہا ’’جشن کا دن طے ہوا، ا ور دن چڑھے لوگ جمع ہوں‘‘۔ (سورۃ طہ:54تا59)

سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جو کوئی اپنے محتاج مسلمان بھائی کو کپڑے پہنائے گا اللہ تعالیٰ اُسے جنت کا نرم و نازک لباس پہنائیں گے۔ جو شخص اپنے مسلمان بھائی کو بھوک کے عالم میں کھانا کھلائے گا اللہ تعالیٰ اسے جنت کے پھل کھلائے گا اور جو اپنے مسلمان کو پیاس کے وقت پانی پلانے گا اللہ تعالیٰ اُسے جنت کا خوشبودار مشروب پلائے گا۔
(سنن ابو داؤد، سنن ترمذی)