امریکا کا ایف 16 طیاروں کی لاجسٹک سپورٹ کا اعلان

550

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان کیلئے ایف 16 طیاروں کی تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکا ایف 16 طیاروں کے لیے پاکستان کو ساڑھے 12 کروڑ ڈالر کی سپورٹ فراہم کرے  گاجبکہ ایف 16 طیاروں کے پرزے اور فنی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی تکنیکی سپورٹ کا اعلان امریکا کی دفاعی سیکیورٹی تعاون ایجنسی نے کیا جب کہ تکنیکی و فنی سپورٹ کی منظوری امریکی محکمہ خارجہ نے دی۔

دوسری جانب امریکا نے بھارت کے سی 17 طیاروں کے لیے 67 کروڑ ڈالرز کی تکنیکی امداد کا بھی اعلان کیا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے طیاروں کے لیے تکنیکی اور لاجسٹک سپورٹ کے فیصلے سے جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن نہیں بگڑے گا، جب کہ اس فیصلے سے امریکی خارجہ پالیسی اورقومی سلامتی کو بھی فائدہ ہوگا۔