عبدالغنی بلوچ فٹبال،سنسنی خیز مقابلے کے بعد گرین بلوچ فائنل میں داخل

188

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حیدری بلوچ فٹبال کلب کے زیر اہتمام واجہ شہہ عبدالغنی بلوچ شہید فٹبال ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل میچ گرین بلوچ اور خیبر مسلم کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ کےآغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف برتری حاصل کرنے کی کوشش کی اوراس کوشش میں میچ کے 11 ویں منٹ میں خیبر مسلم کی طرف سے عزیز اللہ نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی اور اس کے فوری بعد گرین بلوچ کی ٹیم کو ایک پینلٹی کک ملی لیکن گول کرنے کے اس آسان موقع کو گرین بلوچ کے کھلاڑی نے ضائع کردیا۔ دوسری طرف خیبر مسلم کی ٹیم اپنی برتری کو دہری کرنے کی کوشش کرتی رہی اور اس کوشش میں میچ کے 36:ویں منٹ، میں خیبر مسلم کی طرف سے جنید نے گول اسکور کرکے مقابلہ2-0کردیا۔ اسی اسکور پر میچ کا پہلا ہاف اختتام کو پہنچا۔اس شاندار سیمی فائنل میچ کے مہمان خصوصی ڈی ایم سی سائوتھ کے چئیرمین ملک محمد فیاض تھے۔ اس موقع پر حیدری بلوچ کے چئیرمین حسین بخش بلوچ نے مہمان خصوصی کو واجہ شہہ عبدالغنی یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔میچ کے دوسرے ہاف میں گرین بلوچ کی ٹیم نے بہتر کھیل ہیش کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو دبائو میں رکھا اور اسی دبائو کے نتیجے میں گرین بلوچ کی طرف سے میچ کے 48 ویں منٹ میں شوکت نے ایک خوبصورت گول اسکور کرکے میچ میں شائقین کی دلچسپی بڑھادی۔ میچ کے 52 ویں منٹ میں گرین بلوچ کی طرف سے شوکت نے ایک اور گول اسکور کرکے مقابلہ 2۔ 2 گول سے برابر کردیا ۔اس گول کے بعد میچ میں سنسنی آگئی اور میچ کی دلچسپی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ گرین بلوچ کی ٹیم نے دبائو بڑھاتے ہوئے میچ کے 88 ویں منٹ میں ایک اور گول اسکور کرکے ایک گول کی برتری حاصل کرلی یہ فیصلہ کن گول گرین بلوچ کی طرف سے مقید نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس طرح یہ دلچسپ اور سنسنی خیز سیمی فائنل میچ گرین بلوچ ماریپور کی ٹیم نے جیت کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔