پاکستان کو کیا حاصل ہوا یہ راز بھی امریکا جلد افشا کریگا،لیاقت بلوچ

356

لاہور ( نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق رکن قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ امریکا پاکستان تعلقات کی تلخ تاریخ ہے، لیاقت علی خان ، ایوب خان سے لے کر عمران خان تک پاکستان کے ہر سربراہ کا دورہ امریکا تاریخی اور سنگ میل قرار پاتا رہاہے،اصل حاصل یہ ہے کہ امریکا نے اپنے مفادات کے لیے کیا منوایا اور پاکستان کے لیے کیا ریلیف حاصل ہوا ، یہ ابھی راز ہے جلد راز امریکا ہی افشا کرے گا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے امریکی صدر کی کشمیر پر ثالثی کی پیش کش مسترد کردی ہے ۔ پاکستان کے لیے مسئلہ کشمیر ، افغانستان ، ایران تعلقات اور چین کے ساتھ سی پیک کا تحفظ ہے جبکہ امریکا بالکل دوسرے موقف پر ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے اندر سیاسی اور اقتصادی استحکام ہی پائیدار حل ہے ۔ امریکی امداد سے پہلے بھی پاکستان کے عوام کا کچھ نہیں بنا اب بھی لاحاصل ہوگا ۔ عمران خان کا دورہ امریکا ایسا نہیں جیسا حکومت اور اپوزیشن کا موقف ہے ، وقت ہی اندر کی صورتحال کو آشکارا کرے گا۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملی یکجہتی کونسل قادیانیوں کی بڑھتی سرگرمیوں کے موثر سدباب کے لیے تحریک ریاست مدینہ کا آغاز کر رہی ہے ۔ اسلامی قوانین کی حفاظت ، آئین پاکستان کے مکمل نفاذ اور امتناع قادیانیت ایکٹ کا مکمل نفاذ ہی مسائل کا حل ہے۔ قرضوں اور سودکی لعنت کا اقتصادی نظام عوام کا خون چوس رہاہے ۔عمران خان حکومت کی نااہلی ، ناکامی کی وجہ سے مہنگائی و بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے ۔ آئی ایم ایف اور ایف اے ٹی ایف کے دبائو پر صنعت ، تجارت ، زراعت تباہ کی جارہی ہے ۔ ملکی اقتصادی نظام کو خوفناک دھچکے نے جام کردیاہے، کئی سال تک معیشت سنبھل نہیں سکے گی ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا دورہ امریکا غریب، مظلوم ،لاچار عوام کے درد کا علاج نہیں ، عوام کے دکھ درد کے احساس کے ساتھ عوامی مسائل حل ہوں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ملزم یا سزا یافتہ مجرم عدلیہ کے رحم و کرم پر ہوتاہے، حکومت ریاستی طاقت سے کسی کو مٹا نہیں سکتی ، آئین اور قانون کی پاسداری کی جائے ۔