پن بجلی کی پیداوار7591میگاواٹ کی بلند ترین سطح پرپہنچ گئی

236

لاہور(نمائندہ جسارت )پن بجلی پیداوار تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ،گزشتہ روز واپڈا کے پن بجلی گھروں نے نیشنل گرڈ کو پیک آورز کے دوران 7ہزار 591 میگاواٹ بجلی مہیا کی ، جو ریکارڈ پیداوار ہے ۔پن بجلی کی یہ ریکارڈ پیداوار تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے اور نیلم جہلم سے بجلی کی بھرپور پیداوارکی بدولت ممکن ہوئی۔جبکہ گزشتہ سال 19ستمبر کو بھی پن بجلی کی پیداوار 7ہزار 585میگاواٹ پہنچ گئی تھی ۔ گزشتہ روزپیک آورز کے دوران پن بجلی کے پیداواری اعداد و شمار کے مطابق تربیلا پن بجلی گھر سے 2ہزار 907 میگاواٹ ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے ایک ہزار 372میگاواٹ ،غازی بروتھاپن بجلی گھر سے ایک ہزار 450میگاواٹ، نیلم جہلم پن بجلی گھر سے 973 میگاواٹ،منگلا پن بجلی گھر سے 210میگاواٹ، وارسک پن بجلی گھر سے 175میگاواٹ جبکہ واپڈا کے دیگر بجلی گھروں سے نیشنل گرڈ کو 504میگاواٹ پن بجلی پیدا ہوئی۔نیلم ،جہلم ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے اور گولن گول کی مرحلہ وار تکمیل سے واپڈا کی پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 6ہزار 902میگاواٹ سے بڑھ کر 9ہزار 389 میگاواٹ ہوچکی ہے ۔ دریائوں میں پانی کی زیادہ آمد کی بدولت رواں سال پن بجلی کی پیداوار میں مزید اضافہ ہوگا اور یہ 8ہزار میگاواٹ سے بھی بڑھ سکتی ہے ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ واپڈا کے مجموعی طور پر 22پن بجلی گھرہیں ، جو نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطاً31ارب یونٹ سستی پن بجلی مہیا کرتے ہیں۔ سستی ترین بجلی ہونے کی وجہ سے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں کو کم سطح پر رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔