سائوتھ ایشین گیمز،پاکستانی تن ساز عثمان عمر نے سونے کاتمغہ جیت لیا

312

کھٹمنڈو (جسارت نیوز) بارہویں سائوتھ ایشین گیمز میں پاکستانی تن ساز عثمان عمر نے سونے کا تمغہ جیت لیا، محمد سید نے چاندی جبکہ فہیم عباس اور سید فضل الہی نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ نیپال میں جاری چیمپئن شپ میں باڈی بلڈنگ کے 90 کلوگرام کیٹگری کے مقابلے میں لاہور سے تعلق رکھنے والے پاکستان تن ساز عثمان عمر نے ملک کیلئے سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا، کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے محمد سید نے اسی کیٹگری میں چاندی جبکہ سیالکوٹ اور کراچی سے تعلق رکھنے والے فہیم عباس اور فضل الہی نے اسی کیٹگری میں کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔ پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے صدر فاروق اقبال نے چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تن سازوں نے تمغے جیت کر بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، امید ہے کہ کھلاڑی مستقبل میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ملک کیلئے مزید اعزازات حاصل کریں گے۔