عمران خان کے دورہ امریکا میں محمد بن سلمان نے اہم کردار ادا کیا

175

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کو ممکن بنانے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے اہم کردار ادا کیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان امریکا کا سرکاری دورہ کر رہے ہیں اور یہ ممکن بنانے میں سعودی ولی عہد محمد سلمان نے اہم کردار ادا کیا۔
شہزادہ محمد بن سلمان نے ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جارید کوشنر کے ساتھ اپنے ذاتی رابطے کا استعمال کرتے ہوئے وزیر اعظم کے وائٹ ہاؤس میں دعوت نامے کا انتظام کیا۔کوشنر ٹرمپ کے سینئر مشیر بھی ہیں۔عمران خان کے امریکا کے دورے کے لیے کوششوں کا آغاز اس وقت کیا گیا جب گزشتہ سال دسمبر میں امریکاکے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان کو افغان امن عمل میں کردار ادا کرنے کے لیے خط لکھا تھا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ون آن ملاقات چاہتے تھے تاکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان سے متعلق اور خطے میں پاکستان کے کردار سے متعلق غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے۔تاہم دونوں ممالک کے مابین موجود کشیدگی کی وجہ سے یہ بظاہر ناممکن لگ رہا تھا۔ تعلقات میں واضح کشیدگی اور دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کے خسارے کی وجہ سے امریکا کی اسٹیبلشمنٹ کے لیے ٹرمپ کو اس ملاقات کے لیے رضامند کرنا آسان نہیں تھا۔یہ صرف ایک ہی صورت میں ممکن تھا اگر پاکستان امریکا کی بیوروکریسی کو بائے پاس کرتے ہوئے ٹرمپ کے ساتھ ڈائیریکٹ لنک کرے، جس کے بعد پاکستان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو اپروچ کرنے کا فیصلہ کیا۔عمران خان اور محمد بن سلمان کے مابین ماضی میں بھی کئی ملاقاتیں ہو چکی ہیں جس وجہ سے دونوں میں دوستی بہت بڑھ گئی۔اس طرح محمد بن سلمان نے ٹرمپ کے داماد کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات کو استعمال کرتے ہوئے ٹرمپ اور عمران خان کی ملاقات کو ممکن بنایا۔
محمد بن سلمان