شرجیل خان کی سزا ختم ہونے میں 22دن باقی رہ گئے

153

لاہور(جسارت نیوز ) پاکستان سپر لیگ میں اسپاٹ فکسنگ پر سزا پانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز شرجیل خان کی سزا کے ختم ہونے میں 22دن باقی رہ گئے ۔ان کی سزا 10اگست کو ختم ہوگی۔ اسپاٹ فکسنگ کیس میں کرکٹر شرجیل خان پر پاکستان کرکٹ بورڈ کوڈ کی پانچ شقوں کی خلاف ورزی کا الزام تھا جس کے بعد ان پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔ سزا ختم ہونے پر شرجیل خان کو کرکٹ میں بحالی کا پروگرام مکمل کرنا ہوگا تاہم پی سی بی کے ذرائع کے مطابق شرجیل خان نے اس سلسلہ میں پی سی بی سے ابھی تک رابطہ نہیں کیا۔ شرجیل خان کوبحالی کا پروگرام مکمل کرنے کے بعد ہی کرکٹ کھیلنے کی اجازت ملے گی ۔شرجیل خان کے وکیل شیغان اعجاز کا کہنا ہے کہ بحالی کے پروگرام کیلئے شرجیل خان جلد ہی پی سی بی سے رابطہ کرینگے۔دوسری طرف کرکٹر شرجیل خان کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کیلئے درخواست پر وفاقی حکومت کے وکیل نے جواب داخل کروانے کیلئے لاہو رہائیکورٹ سے مہلت مانگ لی اور عدالت نے وفاقی حکومت کی استدعا منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب داخل کروانے کا حکم دیدیا۔ گزشتہ روز جسٹس علی باقر نجفی نے کرکٹر شرجیل خان کی درخواست پر سماعت کی۔