؎حکومت ملک میں کھیلوں کی بحالی و ترقی کیلیے پر عزم رہے گی، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

195

 

اسلام آباد (جسارت نیوز) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں کھیلوں کی بحالی و ترقی کے لیے پْر عزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گزشتہ روز مصحف اسکواش کمپلیکس میں اسکواش کے کھلاڑیوں کے تقسیم کیش ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل عارف ابراہیم، پاکستان ا سکواش فیڈریشن کے سینئر صدر شاہد اختر علوی اور سیکرٹری جنرل گروپ کیپٹن طاہر سلطان کے علاوہ کھلاڑیوں کی کثیر تعداد بھی موجود بھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسکواش فیڈریشن دو سال میں انتھک محنت اور عالمی کھیلوں میں کامیابی پر مبارک کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے فروغ کے لئے نجی سیکٹر، میڈیا اور صوبوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا سپورٹس ڈپلومیسی ہمارا آئندہ کا لائحہ عمل ہو گا، میری وزارت اور پاکستان اسپورٹس بورڈ ا سکواش کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو 76 میڈل حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس شاندار کامیابی پر فیڈریشن، کوچ اور کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک میں کھیلوں کو فروغ دینے کیلیے فنڈز جاری کئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں کھیلوں کے گرتے معیار کو بلند کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہیں۔