سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل حق نواز اختر انتقال کرگئے

499

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ممتاز دانشور ، متعدد کتابوں کے مصنف و شاعر حق نواز اختر جو کہ نامور سماجی تنظیم سائبان انٹرنیشنل ویلفیئر آرگنائزیشن ، ینگ لائق آباد ویلفیئر آرگنائزیشن کے تاحیات چیئرمین بھی تھے گذشتہ شب راولپنڈی میں انتقال کرگئے۔ مرحوم کی عمر 90سال تھی اور وہ کچھ عرصہ سے بستر علالت پر تھے۔ مرحوم حق نواز اختر سابق سکریٹری حکومتِ پاکستان کے علاوہ پاکستان اسٹیل میں بطور چیئرمین قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔ ملازمتوں سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے متعدد کتابیں تصنیف کیں جن میں تین مجموعے اردو شاعری کے ہیں جو اعلانِ جنوں، اختر شماری کب تلک اور موسم گل کے علاوہ نثری کہانی ممکنات شامل ہیں۔ مرحوم نے انگلشن کی دوکتابیں تصنیف کیں جن میں اِف ٹروتھ بی ٹولڈ اور اسلامک سنچری قابلِ ذکر ہیں۔ حق نواز اختر کی قیادت میں سائبان انٹرنیشنل ویلفیئر آرگنائزیشن نے اکتوبر 2002 سے تاحال 12250 سے زائد قیدیوں کو نہ صرف رہائی دلاچکی ہے بلکہ رہائی پانے والے قیدیوں کو اپنے گھروں کو جانے کیلئے سفری اخراجات بھی اداکئے ہیں اور تاحال یہ سلسلہ جاری ہے۔ ان کی موت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ تا دیر پورا نہیں ہوسکے گا۔ مرحوم کے انتقال پر زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ان کی مغفرت کیلئے دعا کی ہے۔سابق چیئرمین پاکستان اسٹیل حق نواز اختر کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ انھوں نے پاکستان اسٹیل کی پیداواری صلاحیت کو صرف گیارہ ماہ میں 100فیصد تک پہنچا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔