کراچی:نرسوں کا احتجاج ،گورنر ہائوس جانے کی کوشش پر لاٹھی چارج

561
کراچی: مطالبات کے حق میں احتجاجاً گورنر ہائوس جانے کی کوشش کرنے والے میل نرس کو پولیس اہلکار گھسیٹ کر موبائل میں ڈال رہے ہیں
کراچی: مطالبات کے حق میں احتجاجاً گورنر ہائوس جانے کی کوشش کرنے والے میل نرس کو پولیس اہلکار گھسیٹ کر موبائل میں ڈال رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ نرسز الائنس کے تحت نرسوں کا احتجاج بدھ کو ساتویں روز بھی جاری رہا۔ احتجاج کے دوران نرسز نے گورنر ہاؤس جانے کی کوشش کی جس پر پولیس نے نرسز پر لاٹھی چارج اور واٹر کینن کا استعمال کیا اور درجن بھر نرسز کو حراست میں لے لیاجنہیں بعد ازں چھوڑ دیا گیا۔ احتجاج کے باعث قرب و جوار کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ اس دوران نرسز الائنس کے مرکزی رہنما اعجاز کلیری کی حالت بگڑ گئی جنہیں قومی ادارہ برائے امراض قلب میں داخل کر دیا گیا۔ نرسز رہنما غلام دستگیر اوڈھانو کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری ابراہیم میمن مذاکرات کے لیے آئے تھے ان کا اصرار تھا مزید کچھ دن دیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ2017ء سے احتجاج کیا جا رہا ہے، دو ماہ قبل بھی احتجاج یقین دہانیوں پر ختم کر دیا تھا، اب بھی تحریری طور پر کچھ نہیں دیا جا رہا تھا جو قابل قبول نہیں، مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔ دوسری جانب سیکرٹری صحت سندھ سعید احمد اعوان نے کہا کہ مطالبات کی سمری پر محکمہ فنانس نے اعتراض لگا کر واپس کر دیا تھا، 2 دن میں نئی سمری بھیجی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نرسز کو غریب مریضوں کا خیال کرنا چاہیے ۔