کھلاڑیوں نے پرفارمنس دکھائی ،بدقسمتی سے سیمی فائنل نہ کھیل سکے،بابراعظم

225

لاہور(جسارت نیوز )قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابراعظم نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ میں تمام کھلاڑیوں نے اپنی بھرپور پرفارمنس کا مظاہرہ کیا لیکن بد قسمتی سے ٹیم سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی نہ کرسکی ،ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور اب ہمیں ماضی بھول کر آگے کی طرف دیکھنا ہے ۔قذافی ا سٹیڈیم لاہور میں اوپنر امام الحق کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مجموعی طور پر ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی اطمینان بخش رہی تاہم ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے میچ میں شکست اور سری لنکا کے خلاف میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے سے ٹیم کو نقصان ہوا‘ویسٹ انڈیز کے خلاف کم ریٹ کا نقصان کا ٹیم کو آخر تک سامنا کرنا پڑا اور ہم کم رن ریٹ کی وجہ سے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی نہ کرسکے ۔سرفراز احمد کے میچ کے دوران جمائی لینے اور ٹیم میں گروپنگ کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہاکہ بھارت سے میچ ہارنے کے بعد ایسی باتیں نکلتی ہیں ،بھارت سے میچ ہارے تو سب ہی ٹیم کے پیچھے پڑ گئے اور چھوٹی چھوٹی باتوں کو پہاڑ بناکر پیش کیا جانے لگا لیکن جب قومی ٹیم نے میچز جیتنا شروع کئے تو پھر ایسی باتیں بھی سامنے نہ آئیں ۔ بابر اعظم جنھوں نے ورلڈ کپ میں ایک سنچری اور3 ففٹیوں کی مدد سے 474 رنز اسکور کیے اور اب وہ آئی سی سی کی نئی عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر ہیں نے اپنے کپتان بنائے جانے کے بارے میں کئے جانے والے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ٹیم کا کپتان یا نائب کپتان مقرر کرنا بورڈ کا کام ہے ،وہ صرف اپنی پرفارمنس کو بہتر کرنے کی طرف دھیان رکھتے ہیں‘بابر اعظم نے کہاکہ یہ میرا پہلا ورلڈ کپ تھا جو کہ کافی اچھا رہا‘کافی کچھ سیکھنے کا موقع ملا ،کئی غلطیاں بھی کیں ‘آئندہ میچز میں کوشش کروں گا کہ انہیں نہ دہرائوں‘ٹیم نے ویسٹ انڈیز اور بھارت سے ہارنے کے بعد بہت اچھے طریقے سے کم بیک کیا اور مسلسل 4 میچز جیتے ۔انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کے خلاف سیریز اچھی رہی گوکہ وہ ہم جیت نہ سکے لیکن کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا ۔