پاکستان مذاکرات کیلیے ہمارے مخالفین کا خاتمہ کرے، بھارت

216

نئی دہلی (آن لائن) بھارت نے ایک بار پھر مذاکرات کا راگ الاپتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک پاکستان بھارت مخالف گروپوں کی سرکوبی کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کرتا تب تک اس کے ساتھ کوئی بامعنی مذاکرات نہیں کریں گے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق خارجہ امور کے وزیر مملکت وی مرلی دھرن نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پر بات کرنے کا خواہاں ہے، تاہم اس کے لیے پاکستان کو پہلے ماحول سازگار بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ
جب تک پاکستان کی جانب سے قابل یقین کارروائی نہیں کی جاتی، دہشت گردی اور دراندازی کے خلاف بھارت کے مؤثر اور نتیجہ خیز اقدامات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو قابل یقین حد تک دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی کا تہیہ کر لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں دراندازی کرنے والے دہشت گردوں کو پاکستان کی حمایت حاصل رہتی ہے۔ بھارت کی لگاتار کوششوں سے عالمی سطح پر اس بات کو محسوس کیا گیاہے کہ پاکستان سے دہشت گردی کی حمایت کی جا رہی ہے۔