اسمال ٹریڈرز نے ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی حمایت کردی

262

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریزکے مرکزی چیئر مین محبوب اعظم نے کہا ہے کہ عالمی سود خور ادارے کے بجٹ کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے ۔ کراچی ٹریڈرز ایکشن کمیٹی کی 3روزہ ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں ، گورنر سندھ چند ماہ کی حکومت میں اپنی اوقات بھول گئے ہیں ۔ ان کا بیان تاجروں کی توہین ہے بیان واپس نہ لیا تو ان کے خلاف تحریک چلائیں گے ۔ وہ آج اسمال ٹریڈرز آرگنائزیشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ اجلاس میں
کراچی ڈویژن کے صدر محمود حامد ، اسمال ٹریڈرز بولٹن مارکیٹ کے صدر عثمان شریف ، پاکستان کنفکشنری ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عبد اللہ ، ایم اے جناح روڈ اسپورٹس مارکیٹ کے صدر سلیم ملک ، فہیم قریشی ، نازپلازہ الیکٹرونکس مارکیٹ کے رہنما نوید احمد ، پاکستان پرنٹنگ ایسوسی ایشن کے صدر آصف احمد ، اردو بازار اسمال ٹریڈرز کے رہنما اقبال یوسف ، لیاقت آباد ٹریڈالائنس کے صدر بابر بنگش ، نعمان قریشی اور دیگر نے خطاب کیا ۔ اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامد نے کہاکہ حکومت غیر ملکی ایجنڈے کو پروان چڑھا رہی ہے ۔ سودی ادارے کے ایجنٹ کے باعث پورے ملک کی معیشت کا بھٹا بیٹھ گیا ہے ۔ کارخانے ، مارکیٹس ، انڈسٹریز اور ایکسپورٹ سب کچھ بند ہے ۔ ڈالر کی پرواز تیزی سے اوپر جارہی ہے اور حکمران طفل تسلیاں دے رہے ہیں ۔ محمود حامد نے کہا کہ ڈنڈے کے زور پر ٹیکس وصول ہو سکتا ہے نہ معیشت سدھر سکتی ہے ۔