عمران خان نے نظام ٹھیک کرنے کے بجائے اسٹیٹس کو کو مستحکم کیا‘ لیاقت بلوچ

238

لاہور( نمائند جسارت )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں بلوچستان کے وفد سے ملاقات اور گلبرگ کے تاجر نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان حکومت نے ریاست کے نظام کو ٹھیک کرنے کی بجائے اسٹیٹس کو مستحکم کیاہے اور اقتصادی بحران کے لیے انقلابی اقدامات کی بجائے قرضوں ، سود ، کشکول کلچر کو ہی جاری رکھاہے ۔ ماضی کی حکومتوں کے ناکام تجربات کا تسلسل ملک ، عوام اور متوسط طبقہ کے لیے مشکلات کو طویل مدت تک قائم رکھے گا ۔ پورے ملک میں تاجر ، صنعت کار ، صارفین سراپا احتجاج ہیں ۔ امریکہ ،یورپ اور مادر پدر آزاد اور دنیا بھر میں استحصال کرنے والے استعماری ملکوں کو مدینہ کی فلاحی ریاست کا عنوان دینا صریحاً غلط اور لاعلمی کا اظہار ہے ۔پاکستان میں 1973 ء کے دستور کو اس کی روح کے مطابق نافذ کردیا جائے ، اسلامی نظریاتی کونسل
کی سفارشات کی روشنی میں قانون سازی ہو اور اہلیت ، امانت و دیانت ، اپنے وسائل اور اپنی قوم پر اعتماد کے ساتھ پاکستان کو حقیقی معنوں میں مدینہ کی فلاحی ریاست کے طرز پر نظام دیا جاسکتاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہر لاپتا فرد کو بازیاب کرنا ریاست اور حکومت کی ذمے داری ہے ۔ لاپتا افراد کے بارے میں جو بھی مصدقہ معلومات ہیں ، انہیں اعلیٰ عدلیہ میں پیش کیا جائے ۔ بی این پی مینگل کے اصرار پر بھی تو کچھ لوگ بازیاب ہوگئے ، اب یہ مسئلہ مکمل طور پر حل ہو جاناچاہیے ۔ لیاقت بلوچ نے پاکستانی عازمین حج کے لیے سعودی عرب کی جانب سے روڈ ٹو مکہ منصوبہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ یہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی گہرائی کا اظہار ہے ۔ امید ہے آئندہ سالوں میں تمام حجاج کے لیے یہ سہولت دے دی جائے گی ۔