امارات کا غیرملکیوں کو کاروبار کے مکمل مالکانہ حقوق دینے کا اعلان

287

ابوظبی (انٹرنیشنل ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی حکومت نے غیر ملکیوں کی ملکیت پر برسوں سے عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے بعد غیر ملکی افراد کو کاروباری اداروں کا مکمل انتظام اپنے پاس رکھنے کی اجازت حاصل ہوجائے گی۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ابوظبی میں ہونے والے کابینہ اجلاس میں 122 شعبوں میں 100 فیصد غیر ملکی ملکیت کی منظوری دے دی گئی، جس ک بعد برسوں قبل نافذ کی گئی پابندی کا خاتمہ ہوگیا، جس کے تحت غیر ملکیوں کو صرف 49 فیصد مالکانہ حقوق حاصل ہوتے تھے۔ ٹوئٹر بیان میں شیخ محمد بن راشد المکتوم کا مزید کہنا تھا کہ اجازت کا اطلاق زراعت، مینوفیکچرنگ، متبادل توانائی، ای کامرس، ٹرانسپورٹ، آرٹس، تعمیرات اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں ہوگا۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کا دارالحکومت ابوظبی تیل کے وسیع ترین وسائل سے مالامال ہے جس کی روزانہ کی پیداوار 30 لاکھ بیرل ہے۔اس کے علاوہ عرب دنیا میں متحدہ عرب امارات براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری وصول کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جس کو گزشتہ برس اس مد میں 11 ارب ڈالر حاصل ہوئے۔
اسرائیل: یہودی کی ہلاکت پر احتجاج 111 پولیس اہلکار زخمی‘ 136گرفتار
مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) یہود کے لیے بنائی گئی صہیونی ریاست میں سیاہ فام اسرائیلیوں نے نسل پرستی کے خلاف پُرتشدد احتجاج کرتے ہوئے 111 پولیس اہل کاروں کو زخمی کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق صہیونی پولیس کے ہاتھوں ایک ایتھوپیائی نژاد اسرائیلی کی ہلاکت پر منگل کی شب ہزاروں سیاہ فام تل ابیب کی سڑکوں پر آگئے، اور توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ شروع کردیا۔ اس دوران مشتعل نوجوانوں نے سڑکوں پر ٹائر جلائے، گاڑیوں کو آگ لگادی اور پولیس پر شدید پتھراؤ کیا۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپوں میں 111 اہل کار زخمی بھی ہوئے، جب کہ پولیس نے 136 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔