وزیراعلیٰ پنجاب کا ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم

62

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں صوبے میںپرائس کنٹرول کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے لیے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ذخیرہ
اندوزوں کے خلاف قانون کے مطابق مقدمے درج کر کے اسٹاک ضبط کیا جائے اور اشیائے ضروریہ کی ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت یقینی بنائی جائے۔ ذخیرہ اندوزوں کی جگہ جیل ہے۔ وزیراعلیٰ نے انتظامی افسران کو پرائس کنٹرول اقدامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز فیلڈ میں نکلیں۔ نا جائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے کسی نرمی کے مستحق نہیں۔ انہوںنے کہا کہ عوام کو حقیقی ریلیف دینے کے لیے متحرک اور فعال طریقے سے کام کرنا ہو گااور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے۔ انہوںنے کہا کہ باتیں بہت ہو چکیں، اب کام کرکے دکھایا جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔ جو کام نہیں کرے گا، وہ عہدے پر بھی نہیں رہے گا۔ انہوںنے کہا کہ پرائس کنٹرول کے اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے بہانے بازی نہیں چلے گی۔مجھے بہر صورت نتائج چاہئیں۔