آئی ایم ایف معاہدے پرعمل کرکے مہنگائی کی جارہی ہے،حنیف طیب

185

کراچی(اسٹاف رپورٹر)نظام مصطفی پارٹی کے سربراہ سابق وفاقی ڈاکٹرحاجی محمدحنیف طیب،شبیر احمد قاضی، الحاج محمدرفیع،پیرزادہ غلام حسین چشتی ودیگر نے مشترکہ بیان میں کہاکہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر عمل کرکے یکے بعد دیگرے عوام پر مہنگائی کی بمباری کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری بجلی کے بھاری بھرکم بل بھرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ سے پریشان ہیں، شہر کے بعض مقامات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 سے 16گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ بجلی جانے اور آنے کا کوئی شیڈول نہیں ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہری پانی کی بوند کو ترس رہے ہیں۔شہرقائدکا نقشہ ہی بدلا ہواہے جگہ جگہ سیوریج کا پانی بہ رہاہے،سڑکیں بندہیں،کچرے کا ڈھیر لگا ہوا ہے، بدبو سے لوگ پریشان ہیں،بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ مچھر، مکھیاں اور دیگرحشرات الارض کی بھرمار ہے، اسپرے نہ ہونے سے ڈینگی مچھر، چکن گونیا، کانگووائرس اور ہیپاٹائٹس جیسے امراض پھیل رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوس ناک ہے کہ وفاقی، صوبائی حکومت او رشہری انتظامیہ ایک دوسرے پر الزامات لگانے میں مصروف ہیں۔
پیپلزپارٹی 12برس میںبدعنوانیوں کے سواکچھ نہیں کرسکی،جمال صدیقی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و رکن سندھ اسمبلی جمال صدیقی نے کہا کہ ترقی یافتہ قومیں اپنے شہروں اور ملکوں کو ترقی دلانے کے لیے پلاننگ کرتے ہیں لیکن افسوس پیپلزپارٹی کی حکومت 12سال میں سوا کرپشن کے کچھ نہیں کرسکی، وزیراعظم اس ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے پلاننگ کررہا ہے چوروں کی پھاٹک کو بند کرنے پر کام جاری ہے واٹر بورڈ کی ماہانی آمدنی 70کروڑ روپے ہے جس میں 55کروڑ روپے تنخواہوں پینشن میڈیکل کے مد میں خرچ ہوتے ہیں باقی 15کروڑ میں واٹر بورڈ نے اپنا محکمہ چلانا ہوتا ہے، سندھ حکومت کی نااہلی ہے کہ پچھلے چھ ماہ سے کے فور کا منصوبہ بند پڑا ہوا ہے۔
شہرکے مختلف علاقوں میںپانی چوروں کے خلاف واٹربورڈکا کریک ڈاؤن
کراچی ( اسٹا ف رپورٹر)ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسداللہ خان کی ہدایات پر واٹربورڈ کے ڈسکنکشن اسکواڈ کا شہر کے مختلف علاقوں میں پانی چوروں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے ،کارروائی میں شہر کے 4 تھانوں کی پولیس نے حصہ لیا ،ایک ہائیڈرنٹ کے 2 کنویں مسمار 3کنوؤں میں نصف موٹریں پمپس نکال لیے گئے ،میٹھے پانی سے گاڑیوں کی دھلائی کرنے والے متعدد سروس اسٹیشن کے کنکشنز منقطع جبکہ آر او پلانٹ کی آڑ میں سرکاری لائن کا پانی فروخت کرنے والے پلانٹ بند کرادیے گئے ہیں ،آخری اطلاعات آنے تک کارروائی جاری تھی جس کے بعد واٹربورڈ ملزمان کیخلاف قانونی چارہ جوئی کے لیے متعلقہ تھانوں میں رپورٹ درج کرائے گا۔