مقبوضہ کشمیر میں لڑکی سمیت  3 افراد کی لاشیں برآمد

284

سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرکے ضلع اسلام آباد کے 2 مختلف علاقوں میں ایک نوجوان لڑکی سمیت3 افراد کی لاشیں ملیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اسلام آباد قصبے کے علاقے شیرباغ سے2 نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ لاشیں شیر باغ کے قبرستان میںپڑی ہوئی تھیں۔
ایک اور واقعے میں ایک نوجوان لڑکی کی لاش قاضی گنڈ کے علاقے سے برآمد ہوئی ہے۔ لڑکی کی شناخت 18سالہ نازیہ اختر دختر محمد امین شاہ کے طور پر ہوئی۔ دریں اثنا فرقہ پرست بھارتی پولیس نے جموں میں4 مسلمان تاجروںکو گائے اسمگلنگ کا الزام عاید کرکے گرفتارکرلیا ہے۔ادھر بھارتی قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف شوپیاں میں لوگوںنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند ترجمان اعلیٰ غلام احمد گلزار پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کرکے انہیں جموںکی اودھمپور جیل منتقل کردیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے سری نگر میں حریت کانفرنس کی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد گلزار پر کالاقانون لاگو کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ سید علی گیلانی نے سری نگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی قیادت کشمیریوں کے سیاسی، جمہوری اور انسانی حقوق کو پامال کرنے کے لیے بدترین قسم کی سرکاری دہشت گردی کررہی ہے۔ تحریک حریت جموں وکشمیرکے چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے کہا کہ بھارتی جیلوںمیںغیر قانونی طور پر نظربند کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے ۔ جموںوکشمیر ماس موومنٹ کی چیئرپرسن فریدہ بہن جی نے کہا ہے کہ جدوجہد آزادی کشمیر کے لیے نوجوانوںکی قربانیاں کشمیری عوام کا بیش قیمت اثاثہ ہیں۔ جموںوکشمیر ایمپلائیز موومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے کہاہے کہ بھارت فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے درپے ہے۔