امریکا نے بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا

260

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا نے پاکستان میں تخریب کاری کی متعدد کارروائیوں میں ملوث بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیدیا۔امریکی محکمہ خارجہ نے کالعدم جنداللہ، جیش العدل اور فدائین اسلام کو بھی غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ ان دہشت گرد تنظیموں کے امریکا میں تمام اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں۔امریکی محکمہ
خارجہ کے مطابق امریکی شہریوں پر ان تنظیموں سے کسی قسم کے لین دین پر پابندی ہو گی۔محکمہ خارجہ کے مطابق کالعدم بی ایل اے دہشت گردی کی کاررائیوں میں ملوث ہے۔ بی ایل اے مسلح علیحدگی پسند گروپ ہے جو سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بی ایل اے کی جانب سے گزشتہ سال پاکستان میں کئی دہشت گرد حملے کیے گئے۔ بی ایل اے نے اگست 2018 میں بلوچستان میں چینی انجینئرز کو نشانہ بنایا۔ نومبر 2018 میں کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا اور بی ایل اے نے مئی 2019 میں گوادر میں ایک ہوٹل پر حملہ کیا۔پاکستان اور برطانیہ پہلے ہی بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں اور حکومت پاکستان طویل عرصے سے امریکا سے بھی بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کر رہی تھی۔دوسری جانب پاکستان نے امریکا کی جانب سے بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کوعالمی دہشت گردتنظیم قرار دیے جانے کا خیر مقدم کیا ہے۔ دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے امریکی انتظامیہ کی طرف سے بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں ڈالنے کو نوٹ کیا ہے۔ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بی ایل اے حالیہ عرصہ میں ملک میں کئی دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہے، اور 2006 سے اسے پاکستان میں کالعدم قرار دیا جاچکا ہے امید ہے کہ امریکا کی طرف سے دہشت گرد فہرست میں شاملکیے جانے سے بی ایل اے کی کارروائیوں میں کمی ہوگی۔ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے، اس کے آرگنائزرز، معاونت کرنے والے اور بیرونی سپانسرز کا بھی احتساب کیا جائے گا اور انصاف کے کٹہرے تک پہنچایا جائے گا۔
بی ایل اے کالعدم قرار