پاکستان سے اسمگل شدہ نوادرات پیرس میں سفارتخانے کے حوالے

260

اسلام آباد (اے پی پی) فرانس نے پاکستانی سے اسمگل شدہ تاریخی نوادرات پیرس میں پاکستانی سفارتخانے کے حوالے کر دیے۔ پاکستان سے اسمگل شدہ تاریخی نوادرات 2006ء اور 2007ء کے دوران کسٹم حکام نے پیرس ائر پورٹ پر ضبط کیے تھے۔فرانسیسی ڈائریکٹر جنرل کسٹمز روڈولف گنٹز نے بلوچستان تہذیب سے متعلق نایاب اور تاریخی نوادرات بدھ کو پاکستانی مشن کے ڈپٹی سربراہ اور ناظم الاامور محمد امجد عزیز قاضی کو سفارتخانے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران حوالے کیے۔ امجد عزیز نے بھر پور تعاون پر فرانس کی حکومت اور فرنچ محکمہ کسٹم کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈی جی فرنچ کسٹمز روڈولف گنٹز نے کیس کے پس منظر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی کسٹمز حکام نے یونیسکو معاہدہ 1970ء کے تحت اپنی ذمے داریاں نبھاتے ہوئے نایاب اور تاریخ نوادرات کو ضبط کیا تھا‘ پاکستان اور فرانس دونوں ملکوں نے اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔