گلگت بلتستان میں سیاحت سے کا فروغ اچھا قدم ہے، عارف علوی

202

گلگت (آ ن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ اور ماحول کے تحفظ کے لیے متعارف کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے شمالی علاقوں کا رخ کرنے والے سیاحوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں، وفاقی حکومت ملک میں سیاحت کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے سیاحوں کی آمدورفت بڑھ گئی ہے۔ وہ ہنزہ میں انٹرنیشنل سائیکل ریس ٹور ڈی خنجراب 2019ء کے دوسرے ایڈیشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ گلگت بلتستان کی حکومت نے پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے اشتراک سے سائیکل ریس کا اہتمام کیا جس میں اندرون و بیرون ملک سے سائیکلسٹس نے حصہ لیا۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، سیاسی رہنما اور سینئر سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سائیکلسٹس کے جذبے کو سراہا جو 18 ہزار فٹ کی بلندی پر خنجراب ٹاپ۔ پاک چین سرحد پر پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک منفرد تجربہ ہے جس میں سائیکلسٹس نے 4 ہزار فٹ کی بلندی سے ریس کا آغاز کیا اور 18 ہزار فٹ کی بلندی پر مکمل کی۔صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں سیکورٹی کی صورتحال بہتر ہونے کی وجہ سے حالیہ کچھ سالوں سے سیاحوں کی آمدورفت بڑھی ہے۔ گلگت بلتستان کی حکومت کی جانب سے بڑی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو راغب کرنے کے لیے شروع کردہ پروگرامز اور اقدامات قابل تعریف ہیں۔
عارف علوی