آئی سی سی بھارت کیخلاف میچ فکسنگ کی تحقیقات کرے،معروف صحافی کا مطالبہ

301

برمنگھم( جسارت نیوز) انگلینڈ نے گزشتہ روز بھارت کو 31 رنز سے شکست دے دی ہے جس کے بعد پوری بھارتی ٹیم کو مختلف قسم کے رد عمل کا سامنا ہے تاہم اس پر اب ایک نجی ٹی وی چینل کے صحافی بھی میدان میں آ گئے ہیں جنہو ں نے آئی سی سی سے بھارت کی اس ’’میچ فکسنگ ‘‘ کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان اسی وقت ہے جب انگلینڈ کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے آخری میچ میں ایک میچ میں شکست ہو اور اگر وہ جیت جاتی ہے تو وہ سیدھی سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی تاہم گزشتہ روز کے میچ کے بارے میں سکندر بخت نے پیشگوئی کی تھی کہ بھارت جان بوجھ کر یہ میچ ہار جائے گا ،یہ ان کا اپنا نقطہ نظر تھا۔اس معاملے پر ایک نجی ٹی وی کے لندن میں موجود صحافی مرتضی علی شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’آئی سی سی کو انگلینڈ کے خلاف بھارت کی مشکوک شکست پر تحقیقات کرنی چاہیئیں کیوں کہ یہ سیدھا سادھا میچ فکسنگ کامعاملہ ہے،اس میچ میں سپاٹ فکسنگ نہیں ہوئی بلکہ پورا میچ ہی فکس کیا گیا،پوری ٹیم نے ایک مخصوص مقصد کے لیے یہ میچ ہارنے کا پلان بنایا،اگر آئی سی سی نے بھارت کی اس بری کاکردگی کی تحقیقات نہ کیں تو وہ اپنی اخلاقی اتھارٹی کھو بیٹھے گا‘‘۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان کا ابھی بنگلہ دیش کے خلاف ایک میچ باقی ہے جس میں کامیابی ضروری ہے تاہم اگر انگلینڈ اپنا اگلا میچ بھی جیت جاتاہے توہ سیدھا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا اور پاکستان کے اگلے مرحلے میں جانے کے امکانات ختم ہو جائیں گے۔