بے جا ٹیکسز اور کوئلہ کی قیمتوں میں اضافہ سے 50فیصد بھٹے بند

236

فیصل آباد (جسارت نیوز)ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی چودھری عبدالرزاق باجوہ نے کہا ہے کہ بے جا ٹیکسز اور کوئلہ کی قیمتوں میں اضافہ سے 50فیصد سے زائد بھٹے بند ہو چکے ہیں ۔حکومت نے اگر کوئلہ کی قیمتیں کم نہ کیں تو باقی بھٹے بھی بند ہو جائیں گے جس سے اس کاروبار سے وا بستہ اور دیگر انڈسٹریز کے ہزاروں مزدور بے روزگار ہو جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ستیانہ روڈ پر میاں زین العابدین کے بھٹہ پر ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔چودھری اسلم چدھڑ،امین باجوہ،چودھری امتیاز ککڑ،چودھری افضال،حاجی اسلام اور دیگر سینئر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ کوئلہ سپلائی کرنے والی گاڑیوں کے کرایہ میں سو فیصد اضافہ ہو چکا ہے جبکہ وزن پہلے سے آدھا کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے بھٹہ مالک کو دوہرا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے ۔ کوئلہ کی قیمت میں فی ٹن 7ہزار روپے کا اضافہ ہو چکا ہے جو سمجھ سے بالا تر ہے۔کوئلہ قدرتی دھات اور اپنے ملک میں اس کے وافر ذخائر موجود ہیں پھر بھی اس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کوئلہ مافیا کو کنٹرول کرے۔