سجاول اور ٹھٹھہ اضلاع میں گٹکے کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی

254

سجاول (نمائندہ جسارت) سجاول اور ٹھٹھہ میں روایتی پولیس کارروائیوں کے باوجود دونوں اضلاع میں گٹکے کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی ہے۔ جنوری 2019ء سے جون 2019ء تک سول اسپتال کے ڈینٹل وارڈ میں تشخیص کے دوران گٹکا کھانے کے باعث منہ اور گلے کے کینسر کے 117 کیسز ظاہر ہوئے ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 36 افراد کو پازیٹیو کینسر ظاہر ہوا ہے جبکہ 81 افراد کینسر کے آخری اسٹیج پر آگئے ہیں ٹھٹھہ اور سجاول پولیس گٹکے کا کاروبار روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔ جس کا سبب یہ ہے کہ پولیس کے بالا افسران کی معرفت گٹکا فروشوں سے سرعام ہفتہ بھتا وصول کیا جارہا ہے، آئی جی اور ڈی آئی جی کو روزانہ سوشل میڈیا پر گرفتار ملزمان اور ایف ائی آر کی من گھڑت رپورٹ دکھا کر ٹھٹھہ اور سجاول پولیس ماہانہ لاکھوں روپے بٹور کے گٹکے کے کاروبار کو مزید بڑھانے میں مصروف ہے جس کے باعث دونوں اضلاع میں گٹکے کا استعمال کرنے والے ہزاروں نوجوانوں کے سیکڑوں خاندان فاقہ کشی کا شکار ہوتے جارہے ہیں۔