مزدور طبقہ کو ایوانوں میں نمائندگی دی جائے، حبیب جنیدی

503

پیپلزلیبربیورو سندھ کے صدر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایک سروے کے مطابق مزدور طبقہ کی آبادی 7کروڑ کے لگ بھگ ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے اس طبقہ کو اُن کی آبادی کے تناسب سے پارلیمان کے تمام ایوانوں اور پالیسی ساز اداروں میں نمائندگی دی جائے۔ وہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی پیپلز یونیٹی (سی بی اے) کے زیر اہتمام شہید بینظیر بھٹو کے 66ویں یوم پیدائش کے موقع پر منعقد کی گئی ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے جس سے اُن کے علاوہ سندھ کے انفارمیشن سیکرٹری سلیم سومرو، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری حسین بادشاہ، پیپلز یونیٹی کے چیئرمین حسین ابراہیم کاکا، صدر اختر فاروقی، رحمت اللہ سرکی، محمد اشرف (کے ڈی اے یونین) اور پی پی پی کے رہنما سہیل عابدی نے بھی خطاب کیا۔ حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے اپنی پوری زندگی ظلم اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے گزاری اور ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی اور غریب عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ بھی پیش کردیا ۔انہوں نے کہاکہ شہید کی جدوجہد اور اُن کی قربانیوں سے ہم یہ سیکھتے ہیں کہ کمزور طبقات کے حقوق کی حفاظت ہی در حقیقت عبادتِ عظیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مُٹھی بھر اشرافیہ نے اس ملک کے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے۔ جس کے نتیجہ میں معاشرہ میں غربت اور بیروزگاری خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے اور اگر بالادست طبقات نے غریبوںکے حقوق بحال نہ کیے تو خدا نخواستہ ملک اقتصادری اور معاشی انار کی کی طرف بھی بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت تمام اداروں کے ملازمین کے مسائل کے حل کی جدوجہد میں پیپلز لیبر بیورو اُن کے شانہ بشانہ ہے۔