ایف بی آر نے کروڑوں روپے کا ڈاکا ڈالنے کے انتظامات مکمل کرلیے

235

اسلام آباد (آن لائن) ایف بی آر نے بجٹ بنانے کے نام پرکروڑوں روپے کا ڈاکا ڈالنے کیلیے تمام انتظامات کرلیے ہیں، اس ڈکیتی میں وزارت خزانہ کے اعلیٰ افسران کو بھی شامل کرلیا ہے۔ وزارت خزانہ اور ایف بی آر کے حکام ہر سال بجٹ بنانے کے نام پر ریوارڈ (انعام) کے نام پر قومی خزانے سے کروڑوں روپے کا ڈاکا ڈالتے ہیں اور بڑے افسران 5 بنیادی تنخواہ جبکہ چھوٹے ملازمین 3 تنخواہوں پر مشتمل ریوارڈ حاصل کرتے ہیں یہ پریکٹس گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے اور اس ڈکیتی میں دونوں سرکاری اداروں کے اعلیٰ افسران بھی ملوث ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے تمام اداروں کو سادگی کا حکم دے رکھا ہے اور ریوارڈز کے نام پر کروڑوں روپے کی ڈکیتی سے منع کر رکھا ہے تاہم ایف بی آر حکام
نے اس کا بھی حل نکال لیا ہے، اس لیے انہوں نے اے جی پی آر حکام کو اس ڈکیتی میں شامل کرتے ہوئے ان سے کیش کی صورت میں کروڑوں روپے کی وصول کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ بینکنگ ٹرانزیکشن کی زحمت سے بھی چھٹکارا حاصل کرلیا جائے تاکہ اس رقم کا کوئی دستاویزاتی ثبوت بھی سامنے نہ آئے۔ اس حوالے سے وزیر مملکت حماد اظہر سے پوچھا گیا کہ ریوارڈز کے نام پر کروڑوں روپے کی ڈکیتی روکیں گے یا نہیں؟ تاہم وزیر مملکت حماد اظہر نے اس ریوارڈز کے نام پر کروڑوں کی ڈکیتی کی تردید کی ہے بلکہ پوچھنے پر خاموشی اختیار کرلی ہے۔