بدین کے پانی کا مسئلہ سندھ اسمبلی میں اٹھائیں گے، حسین محنتی

242

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بدین کے پانی سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے ایم پی اے سید عبدالرشید سندھ اسمبلی میں بھرپور آواز اٹھائیں گے، بدین میں پانی کی کمی کا نوٹس اور پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جائے، پانی کی کمی کی وجہ سے زمینیں بنجر اور عوام معاشی طور پر بدحال ہوچکے ہیں، مہنگائی کے طوفان اور روپے کی بے قدری حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے جس نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے ،جماعت اسلامی ظلم کے خلاف اور غلبہ حق کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈوباگو کے قریب گوٹھ غلام محمد کمبوہ میں جلسے اور عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی بدین کے رہنما عبداللطیف کھوسو،ڈاکٹر شمشاد قائم خانی،حافظ شہزاد رشید اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔قبل ازیں صوبائی امیر کا جلسہ گاہ ہ آمد پر شاندار استقبال اور سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا گیا۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی ایک دعوتی وتبلیغی جماعت ہے جو انبیا کرام کے مشن کولے کر اٹھی ہے، قوم اور ملک پر جب بھی قدرتی آفات سمیت کوئی آزمائش آئی تو سب سے پہلے جماعت اسلام نے آگے بڑھ کر انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت خدمت کی۔سندھ میں سیلاب کے موقع پر بھی جماعت اسلامی کے مقامی کارکنان نے اس علاقے میں پہنچ کر عوام کی دادرسی کی تھی۔صوبائی امیر نے کہا کہ بدین کے پانی سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے جماعت اسلامی کے ایم پی اے سید عبدالرشید سندھ اسمبلی میں بھرپور آواز اٹھائیں گے۔