گھر کے اس عام مصالحے کی چائے کو پینا عادت بنا لیں

609

الائچی ایسی چیز ہے جو ہر گھر کے کچن میں ہی موجود ہوتی ہے اور یہ مصالحہ متعدد پکوانوں کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
اس کی مہک پکوان کو زیادہ بہتر بناتی ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس کی چائے صحت کے لیے کتنی فائدے مند ہے؟
جی ہاں الائچی کی چائے جو کہ بہت صحت بخش مشروب ہے۔
اگر نہیں جانتے تو درج ذیل فائدے آپ کو دنگ کردیں گے۔
نظام ہاضمہ مضبوط کرے
اس چائے کا ایک کپ روزانہ پینا نظام ہاضمہ کے افعال بہتر کرتا ہے اور بدہضمی سے بچاتا ہے، اگر دل متلا رہا ہے تو یہ چائے فوری ریلیف فراہم کرتی ہے جبکہ قبض کا بھی موثر علاج ہے اور ہاں پیٹ کے درد سے نجات کے لیے بھی اسے آزمایا جاسکتا ہے۔
دل کی صحت بہتر بنائے اور خون کی گردش ٹھیک کرے
الائچی کی چائے میں مختلف اینٹی آکسائیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو کہ جسم میں گردش کرنے والے ایسے فری ریڈیکلز کی مقدار کم کرتے ہیں جو فشار خون کا باعث بنتے ہیں جس سے امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔ اس چائے میں موجود فلیونوئڈز خون کی شریانوں میں موجود کولیسٹرول کے اجتماع کی روک تھام کرتا ہے جس کے نتیجے میں خون کی گردش کا نظام بہتر ہوتا ہے جس سے دل پر تناؤ کم ہوتا ہے، اس سے بھی امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
فلو کے خلاف بھی موثر
اس چائے میں وٹامن اے اور سی موجود ہوتے ہیں جبکہ یہ وائرس کا خاتمہ کرتی ہے اور بیکٹریا کش اور ورم کو بھی دور کرتی ہے، جس سے فلو سے ریلیف ملتا ہے۔ اس چائے کا استعمال گلے کی سوجن اور خشک کھانسی کا بھی علاج کرسکتا ہے جبکہ بلغم کی زیادہ مقدار پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے۔
سانس کی بو دور کرے اور دانتوں کو صحت مند بنائے
الائچی کو ویسے کھایا جائے یا چائے میں ڈال کر استعمال کیا جائے، یہ سانس کی بو کا مسئلہ فوری دور کرنے والا مصالحہ ہے، سانس میں بو منہ کی ناقص صفائی کا نتیجہ ہوتی ہے جبکہ اکثر خوراک دانتوں اور مسوڑوں میں پھنس کر بیکٹریا کی مقدار بڑھاتا ہے جس سے سانس بدبودار ہوجاتی ہے، جراثیم کش ہونے کے باعث الائچی کی چائے ان بیکٹریا کو مار کر سانس کی بو دور کرتی ہے جبکہ بیکٹریا کے خاتمے سے مسوڑوں کے امراض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
جلد کی صحت بہتر کرے
الائچی پاؤڈر کو عام چائے میں ملا کر پینا خون میں موجود فری ریڈیکلز کی مقدار میں کمی لاتا ہے جس سے کیل مہاسوں، دانوں، جلدی رنگت میں تبدیلی اور دیگر مسائل کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ الائچی کی چائے جراثیم کش ہوتی ہے جس سے بھی جلدی مسائل پر قابو پانے میں مدد ملتی ہے۔
الائچی کی چائے کو بنانے کا طریقہ
ایک کھانے کا چمچ الائچی پاؤڈر، 4 کپ پانی، شہد یا چینی حسب ذائقہ لیں اور پانی کو ایک ساس پین میں ابال لیں۔
جب پانی ابل جائے تو الائچی پاؤڈر کو پانی میں ڈال دیں جس کے بعد آنچ ہلکی کرکے 15 منٹ تک پانی کو جوش دیں، اس کے بعد چولہا بند کرکے پانی کو ایک سے 2 منٹ تک چمچ سے ہلائیں۔
پھر اس مکسچر کو کپ میں ڈال دیں جس کے بعد حسب ذائقہ شہد یا چینی کا اضافہ کرکے اس گرم مشروب سے لطف اندوز ہوں۔