حکومت عوام پر مہنگائی اور ٹیکسوں کا بلڈوز ر چلا رہی ہے،عظیم بلوچ

191

ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی پاکستان میں اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنے اور نیک اور صالح قیادت کی حکمرانی کیلیے جدوجہد کررہی ہے اور ملک کے گوشے گوشے میں عوام کو بیدار کررہی ہے کہ تمام پریشانیوں کی وجہ دین سے دوری اور احکامات خداوندی پر عمل نہ کرنا ہے اس ملک میں امن، چین، سکون، استحکام، آسودگی صرف اور صرف نظام مصطفیؐ سے آسکتی ہے جس کیلیے ہم سب کو ملکر کوشش کرنی ہے۔ ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد عظیم بلوچ، امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ محمد رفیق منصوری نے ٹنڈوآدم کوثر مسجد میں جماعت اسلامی ارکان و ذمے داران کے ایک خصوصی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مشتاق احمد عادل، عبدالغفور انصاری، محمد طفیل، ظہیر الدین جتوئی اور حاجی نور حسن نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی کے نام پر حکومت نے عوام پر مہنگائی کے درون حملے اور ٹیکسوں کا بلڈوزر چلا کر نئے پاکستان کی بنیاد رکھی ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن اور ملک بد ترین معاشی حالات سے دوچار ہوگیا ہے پرفریب اور جھوٹے نعروں کی بنیاد پر اقتدار میں آنے والوں نے انتخابی مہم میں عوام سے کیے گئے وعدوں کو بھلا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے چھ ارب ڈالر لینے کی خاطر ملک کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ہے غیر ملکی قرضوں میں 1450 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کی معاشی دہشت گردی کے حوالے کرکے عوام کی کمر توڑ دی ہے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے بندے کبھی بھی پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ڈالر کی اڑان اور روپے کی بے قدری آئی ایم ایف کی معاشی ٹیم کا کارنامہ ہے پیڑولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں دوسو فیصد اضافے سے عوام زندہ درگور ہوجائیں گے انہوں نے کہا کہ عوام لسانیت، مال و دولت کی چکا چوند، ذات اور برادری کی بنیاد پر ووٹ ڈالنے کے بجائے اپنی آنیوالی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنانے کیلیے اب مخلص، دیانتدار، کرپشن سے پاک اور اہل قیادت کو ووٹ دیکر کرپشن کے سرداروں سے نجات حاصل کریں جماعت اسلامی کی صورت میں عوام کے پاس بہترین قیادت موجود ہے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔