فائرنگ کے واقعات میں بچے سمیت 8 افراد زخمی

224

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں بچے اور خاتون سمیت 8افراد زخمی ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق پیرآباد کے علاقے نیو میانوالی کالونی منی بس اسٹینڈ کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے، جن کو طبی امداد کے لیے عباسی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس ایچ او پیر آباد امجد کلیار کا کہنا ہے کہ ٹھیلہ اور گاڑی کھڑے کرنے پر 2 گروپ میں تصادم ہوا تھا ،پولیس میڈیکل رپورٹ آنے پر مقدمہ درج کیا جائے گا،قائدآباد کے علاقے مسلم آباد کالونی گلزار مسجد کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 29سالہ رضا خان ولد ممتاز احمد خان زخمی ہو گیا ،زمان ٹائون کے علاقے کورنگی کراسنگ ندی کے قریب مسلح ملزمان نے فائرنگ کر کے 40سالہ سہیل خان کو زخمی کردیا ،اتحاد ٹائون کے علاقے گلشن غازی کچی آبادی میں نامعلوم سمت آنے والی گولی لگنے سے بچہ زخمی ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اندھی گولی سے زخمی ہونے والے بچہ کی شناخت 9سالہ ارسلان ولد حمیداللہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ بریگیڈ کے علاقے پیپلز چورنگی مزار قائد کے قریب موٹر سائیکل پر سوار خاتون 30سالہ نورجہاں زوجہ ندیم نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہو گئی ۔ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی نورانی مسجد کے قریب گھر میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 50سالہ رب نوازولد گل محمد زخمی ہو گیا۔