مہنگائی نے تجارت کوتباہی کے دہانے پرپہنچادیا، قاری عثمان

248

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جمعیت علما اسلام کے رہنما قاری محمد عثمان نے کہا کہ بدترین مہنگائی سے کراچی کی تجارت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، چھوٹے دکاندار اور مارکیٹوں والے کارو بار بند کرنے پر مجبور ہورہے ہیں، وزیر اعظم کی اپوزیشن کے واک آؤٹ کے بعد کی تقریر سیاسی دیوانہ پن کا مظاہرہ ہے۔ کراچی کے شہریوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے ،عمرانی حکومت عوام کیلیے عذاب بن گئی ہے وہ ایک تقریب اور مختلف علاقوں میں تعزیتی پروگراموں میں جماعتی احباب سے گفتگو کررہے تھے ۔قاری محمد عثمان نے کہا کہ کمرتوڑ مہنگائی پیٹرولیم مصنوعات ،گیس بجلی کے نرخوں اور اشیا خورونوش کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اگر فوری طور پر عوام کو ریلیف نہ دیا اور قیمتوں کو کنٹرول نہ کیاگیا تو عوام خودکشیوں پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمرانی حکومت نے قوم پر آئی ایم ایف کا بنایا ہوا ایسا ظالمانہ بجٹ مسلط کیا ہے جس کے ابجد سے بھی عمرانی حکومت خود واقف نہیں ۔قاری محمد عثمان نے مزید کہا کہ عمرانی ٹولہ عوام کو بیوقوف بنانے کیلیے اپنی ناکامی اور شرمندگی کا سارا ملبہ سابق حکومتوں پر ڈال کر معاشی بدحالی کے سیلاب میں ملک اور قوم کو دھکیلنا چاہتا ہے مگر قوم عمرانی لوٹا پارٹی کے سیاہ کارناموں سے اچھی طرح واقف ہوگئے ہیں۔