حکمرانوںکابس چلے تو سانس لینے پر بھی ٹیکس لگادیں، مرتضیٰ وہاب

209

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات ، قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اتوار کے روز گیس کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کی بدترین صورتحال کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران سرکار غربت نہیں غریب کے خاتمے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا بس چلے تو سانس لینے پر بھی ٹیکس عائد کر دیں۔ بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ گیس کے نرخوں میں اضافہ غریب عوام پر ظلم ہے۔ سیاسی بصیرت سے عاری حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، جب بجلی اور گیس کے نرخ آسمان سے باتیں کریں تو خاک ترقی ہوسکتی ہے۔ بیر سٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت نے صنعتی ترقی کے راستے مسدود کردیے ہیں، ان پریشان کن حالات میں بیرونی سرمایہ کاری خطرات کا شکار ہے اور لگتا ہے کہ وزیراعظم کی پوری ٹیم نے نااہلی میں ڈاکٹریٹ کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے حس حکمران عوام سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لینا چاہتے ہیں، معیشت کے اشاریوں کا گراف خطرہ کے لیول پر آ پہنچا ہے۔ مشیر اطلاعات سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ عوام ان حکمرانوں کو صبح شام بد دعائیں دے رہے ہیں ، تحریک انصاف سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کاسلوک کر رہی ہے ، حکمرانوں کا دہرا معیار ان کی منافقت کی سیاست کا عکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی قوت و خرید جواب دے چکی ہے، قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے ، عمران خان سرمایہ داروں کا نمائندہ اور غریبوں کا دشمن ہے۔خان صاحب کی معاشی پالیسیوں سے غربت اور افلاس میں اضافہ ہوا جس سے افراتفری جنم لے گی۔ بیرسٹر مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ مہنگائی سے پیدا ہونے والی بے چینی اور افراتفری ملکی سلامتی اور خودمختاری کیلیے نیک شگون نہیں، عمران خان ملک کو ایسے سیاسی اور معاشی دلدل میں پھنسا رہے جہاں سے نکلنا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ چیئرمین بلاول زرداری ملک کو اس افراتفری سے بچانے کیلیے میدان میں نکلے ہیں۔