تجارتی کشیدگی، امریکا اور چین جنگ بندی پر متفق

523
اوساکا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تجارتی کشیدگی پر چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ مذاکرات کررہے ہیں
اوساکا: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تجارتی کشیدگی پر چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ مذاکرات کررہے ہیں

 

اوساکا (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا اور چین کے مابین ایک سال سے جاری تجارتی کشیدگی میں جنگ بندی پر اتفاق رائے ہو گیا۔ جاپان کے شہر اوساکا میں جی 20 اجلاس کے دوران سفارتی ذرائع نے ہفتے کے روز بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کے ساتھ ایک معاہدے پر اتفاق ظاہر کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے مابین جاری تجارتی جنگ ختم ہونے کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ چین کی سرکاری نیوز ایجنسی شنہوا نے بھی رپورٹ کیا کہ امریکا اور چین نے تجارتی مذاکرات کی بحالی پر اتفاق کر لیا ہے اور صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چینی مصنوعات پر مزید اضافی محصولات عائد نہیں کریں گے۔ عالمی میڈیا میں اسے تجارتی جنگ بندی کا نام دیا جا رہا ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ اور شی جن پنگ کے مابین ہفتے کے روز ہونے والی ملاقات کو بھی تعمیری قرار دیا جا رہا ہے۔ اس ملاقات کے بعد ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر شی کے ساتھ ان کے مذاکرات شاندار رہے اور وہ دونوں اختلافات دور کرنے کے لیے درست راستے پر آ گئے ہیں۔ چینی صدر شی سے ملاقات سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر وہ شی جن پنگ کے ساتھ تجارتی معاملات پر کسی معاہدے تک پہنچ گئے تو یہ پیش رفت تاریخی ہو گی۔ تاہم مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور چین کے مابین تجارتی تنازعات کے حل کے لیے ابھی مزید وقت درکار ہو گا۔ یاد رہے کہ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی جنگ گزشتہ ماہ اس وقت عروج پر پہنچ گئی تھی جب امریکا نے چین کے بڑے ٹیکنالوجی گروپ ہواوئے پر پابندی لگا دی تھی۔ تاہم صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ امریکا ہواوے پر عائد پابندیاں نرم کرنے پر غور کرے گا، جس سے مذاکراتی عمل کو فائدہ پہنچے گا۔ملاقات پر صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ محاذ آرائی کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہوتی مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ ایک برس سے جاری اس تجارتی جنگ کے دوران امریکا اور چین ایک دوسرے کی درآمدی مصنوعات پر اربوں ڈالر کے اضافی ٹیکس عائد کر چکے ہیں۔ اس صورت حال سے خدشہ پیدا ہو گیا تھا کہ واشنگٹن اور بیجنگ کے مابین اس تنازع کی وجہ سے بین الاقوامی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔